اردن کےصحرا میں 9 ہزار سال قدیم مزار دریافت

اردن اور فرانس کے ماہرینِ آثارِقدیمہ پر مشتمل ایک ٹیم نے اردن کے مشرقی صحرا میں پتھر کے زمانے کے ایک دور دراز مقام پرقریباً 9000 سال قدیم مزاردریافت کیا ہے

العربیہ ڈاٹ نیٹ
العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

اردن اور فرانس کے ماہرینِ آثارِقدیمہ پر مشتمل ایک ٹیم نے اردن کے مشرقی صحرا میں پتھر کے زمانے کے ایک دور دراز مقام پرقریباً 9000 سال قدیم مزاردریافت کیا ہے۔

یہ روایتی کمپلیکس پتھرکے دور کی جگہ کے نزدیک قدیم بڑے ڈھانچوں کے ساتھ پایا گیا ہے۔انھیں ’’صحرائی پتنگیں‘‘یا بڑے پیمانے پر’شکاری جال‘ کہا جاتا ہے۔ان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ انھیں جنگلی غزالوں کا شکار کرنے کے لیے استعمال کیا جاتاتھا اور پھر انھیں یہیں ذبح کیا جاتا تھا۔

اس طرح کے جال پتھرکی دو یا دو سے زیادہ لمبی دیواروں پر مشتمل ہوتے ہیں اورگھیرے دارہوتے ہیں۔یہ مشرقِ اوسط کے صحراؤں میں بکھرے ہوئے پائے جاتے ہیں۔

اس منصوبہ کے شریک ڈائریکٹراردنی ماہرآثارقدیمہ وائل ابوعزیزہ نے کہا کہ ’’یہ جگہ منفرد ہے، پہلی وجہ اس کی یہ ہے کہ یہ محفوظ حالت میں ہے۔ یہ 9000 سال پرانی ہے اور سب کچھ قریب قریب اپنی اصل حالت میں برقرار تھا‘‘۔


مزار کے اندردو تراشیدہ ایستادہ پتھر تھے۔ان پر انسانی شکلیں تھیں، ایک کے ساتھ ’’صحرائی پتنگ‘‘کی نمائندگی کے ساتھ ساتھ ایک مذبح، چولھا، سمندری گولے اورغزال کے جال کا چھوٹا نمونہ بھی تھا۔

محققین نے ایک بیان میں کہا کہ ’’نو دریافت مزار اب تک پتھر کے زمانے کی نامعلوم آبادیوں کی علامت ہے اور یہ فنکارانہ اظہار کے ساتھ ساتھ روحانی ثقافت پرپوری نئی روشنی ڈالتا ہے‘‘۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس جگہ میں شکاری جالوں کی موجودگی سے پتاچلتا ہے کہ یہاں کے باشندے خصوصی شکاری تھے اور یہ جال اس دورافتادہ علاقے میں ان کی ثقافتی، معاشی اور یہاں تک کہ علامتی زندگی کا مرکزتھے۔

اس ٹیم میں اردن کی الحسین بن طلال یونیورسٹی اور فرانسیسی انسٹی ٹیوٹ برائے مشرقِ قریب کے ماہرین آثار قدیمہ شامل تھے۔اس تاریخی جگہ کی حالیہ کھدائی 2021ء میں کھدائی کے موسم کے دوران میں کی گئی تھی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔