مصر: قبطی گرجا گھر کے قریب بس پر فائرنگ، 9 افراد ہلاک

مصر کے صوبہ منیا میں سینٹ سیموئیل قبطی گرجا گھر کے قریب مسافر بس پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 9 مسافر ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

قاہرہ: مصر میں مسیحی افراد کو مقدس مقام پر لے جانے والی بس پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مصر کے صوبہ منیا میں سینٹ سیموئیل قبطی گرجا گھر کے قریب مسافر بس پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 9 مسافر ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔ بس میں 23 سے زائد افراد سوار تھے۔

مسافر بس مسیحی افراد کو سینٹ سیموئل چرچ لے جا رہی تھی جہاں عیسائیوں کا ایک مقدس مقام بھی ہے اور ہر سال بڑی تعداد میں مسیح افراد اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے اس چرچ کا رخ کرتے ہیں۔ سینٹ سیموئیل چرچ کے بشپ نے فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کردی۔

انتہا پسند جماعت داعش کی ترجمان ویب سائٹ پر مسیحیوں کی بس پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کی گئی ہے تاہم حملے سے متعلق کوئی شواہد پیش نہیں کیے گئے ہیں جس سے داعش کے دعوے کی تصدیق ہوسکے۔

واضح رہے کہ مئی 2017 میں بھی مسیحی افراد کو سینیٹ سیموئیل کوپٹک چرچ لے جانے والی بس پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 28 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔