کورونا وائرس سے اب تک 425 افراد ہلاک، 2345 نئے معاملے درج

اب تک کورونا وائرس سے 37 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں اور اس درمیان روس نے براستہ چین اپنی سرحد میں غیر ملکیوں کے داخلہ پر پابندی عائد کر دی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

چین میں کورونا وائرس سے مزید 64 افراد کے ہلاک ہو نے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ اس طرح کورونا وائرس سے موت کے منہ میں جانے والوں کی تعداد بڑھ کر 425 ہو گئی۔ چینی حکام کے مطابق کورونا وائرس کے 2 ہزار 345 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد چین میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد37ہزار643 ہو گئی ہے۔ ان میں 2788افراد کی حالت نازک ہے۔اس درمیان اب تک 632لوگوں کو اسپتالوں سے چھٹی مل چکی ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے گیارہویں کیس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ریاست کیرالہ میں بھی پیر کے روز تک تین کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ تاہم چین سے باہر صرف فلپائن میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ ایک خبر رساں ادارہ کے مطابق اب تک 24 ممالک میں کورونا وائرس کے مریض کی تصدیق ہو چکی ہے۔


دوسری طرف چین میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے پیش نظر روس نے 4 فروری یعنی منگل سے چین کے راستے اپنے ہوائی اڈوں پر غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔ سرکاری ویب سائٹ پر شائع حکم کے مطابق کچھ غیر ملکی شہریوں کو صرف ’شیرے میتووف‘ہوائی اڈے پر رسائی کی اجازت رہے گی۔

سرکاری حکم میں کہا گیا ہے کہ ’’روس کی نقل و حمل کی وزارت نے وفاقی سلامتی سروس، وفاقی کسٹمز سروس اور وفاقی کنزیومر پروٹیکشن اور بہبود کی خدمات کے ساتھ مل کر 4 فروری علی الصبح سے غیر ملکی شہریوں کے چین کے راستے اپنے ہوائی اڈوں پر داخل ہونے پر عارضی طور پر پابندی لگا دی ہے‘‘۔ یووریشین اکنامک یونین کے رکن ممالک کے شہریوں کے ساتھ ساتھ ہوائی جہاز کے عملے، سرکاری وفد کے رکن اور روس میں رہائش کی اجازت رکھنے والے افراد کے لئے اگرچہ شیرےمیتووف ہوائی اڈے کو اس حکم سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔