برطانیہ، فرانس، جاپان سمیت 25 ممالک کا غزہ میں جاری جنگ کو فوری ختم کرنے کا مطالبہ، مشترکہ بیان جاری
برطانیہ، فرانس، جاپان اور اٹلی سمیت 25 ممالک نے غزہ میں جاری جنگ کو فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مشترکہ بیان میں انسانی بحران پر شدید تشویش اور اسرائیل پر تنقید کی گئی

تصویر بشکریہ ڈی ڈبلیو
لندن/پیرس: برطانیہ، فرانس، اٹلی، جاپان، جرمنی اور اسپین سمیت 25 ممالک نے غزہ میں جاری جنگ کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان ممالک کے وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کے کمشنر برائے مساوات اور کرائسز مینجمنٹ نے ایک مشترکہ بیان پر دستخط کیے، جس میں جنگ کے انسانی اثرات پر گہری تشویش ظاہر کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں شہریوں کی مشکلات نئی گہرائیوں تک پہنچ چکی ہیں اور امداد کی فراہمی کا نظام خطرناک حد تک متاثر ہوا ہے۔ دستخط کنندگان نے کہا کہ غزہ کے باشندے انسانی وقار سے محروم کر دیے گئے ہیں۔
بیان میں خوراک، پانی اور ادویات کی قلت پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’’ہم ان غیرانسانی حالات کی مذمت کرتے ہیں جن میں بچے اور دیگر شہری اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔‘‘ دستخط کنندگان نے اسرائیلی حکومت کی جانب سے انسانی امداد کی راہ میں حائل رکاوٹوں پر بھی سخت تنقید کی اور کہا کہ امدادی ٹرکوں پر عائد پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں تاکہ محصور آبادی کو فوری ریلیف مل سکے۔
مزید یہ کہ بیان میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں کسی بھی قسم کی آبادیاتی تبدیلی کی سخت مخالفت کی گئی اور اسے بین الاقوامی قوانین کے خلاف قرار دیا گیا۔
بیان میں عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے اور متاثرہ علاقوں تک امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کے لیے فوری اقدامات کرے۔
دوسری جانب، فلسطینی تنظیم حماس نے اس بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مطالبہ بین الاقوامی سطح پر اسرائیلی خلاف ورزیوں کے اعتراف کی نمائندگی کرتا ہے۔ حماس کے مطابق ’’یہ بیان اسرائیلی فاشسٹ قابض حکومت کی طرف سے جاری مظالم پر ایک عالمی ردعمل ہے، جو مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی علامت ہے۔’نسلی صفایا‘ قرار دے چکی ہیں۔
حماس نے خاص طور پر امریکی و اسرائیلی کنٹرول والے امدادی مقامات کے قریب شہید ہونے والے 800 سے زائد فلسطینیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان اموات کی عالمی سطح پر مذمت اس "بربریت" کی عکاسی کرتی ہے جو امدادی میکانزم کے نام پر کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے باعث ہزاروں شہری جاں بحق ہو چکے ہیں اور لاکھوں افراد شدید انسانی بحران کا شکار ہیں۔ اقوام متحدہ، عالمی ریڈ کراس اور دیگر امدادی ادارے بھی مسلسل جنگ بندی کا مطالبہ کر چکے ہیں، مگر اسرائیل کی طرف سے تاحال مکمل جنگ بندی کی منظوری نہیں دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔