موجودہ دور میں مسلمان ہونا خوفناک: رِض احمد

ایک پریس کانفرنس کے دوران ہالی ووڈ اداکار رِض احمد نے بتایا کہ جب وہ امریکہ ہوائی سفر کے لیے جاتے ہیں تو انھیں بار بار ائیر پورٹ پر روک کر تلاشی لی جاتی ہے، اور یہ اب عام بات ہو گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مشہور و معروف ہالی ووڈ اداکار رضوان احمد، جو کہ رِض احمد کے نام سے مقبول ہیں، کا ماننا ہے کہ آج کل کے دور میں مسلمان ہونا بہت ڈراؤنا ہوتا جا رہا ہے۔ انھوں نے اس تعلق سے ایک پرانے واقعہ کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ انھیں اپریل ماہ میں نسلی اعتبار سے کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جس سے وہ شکاگو واقع اسٹار وارس سلبریشن میں شامل نہیں ہو سکے۔ دراصل رِض احمد نے ’روگیو وَن: اے اسٹار وارس اسٹوری‘ فلم میں کام کر چکے ہیں اس سے متعلق پارٹی میں شامل ہونے انھیں شکاگو جانا تھا۔

امریکی میگزین ’ورائٹی‘ کے مطابق 25 جون کو ایک پریس کانفرنس کے دوران رِض احمد نے اس واقعہ کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ کس طرح مسلمانوں کو نسلی تفریق کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سال 2018 میں کافی موضوعِ بحث رہی ہالی ووڈ فلم ’وینم‘ (زہر) میں منفی کردار نبھانے والے رِض نے بتایا کہ امریکہ کے ایک ائیر پورٹ پر ان سے پوچھ تاچھ کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ ایسا ہونا اب کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔ جب وہ ہوائی سفر کے لیے جاتے ہیں تو انھیں بار بار ائیر پورٹ پر روکا جاتا ہے اور تلاشی لی جاتی ہے۔


رِض نے کانفرنس میں موجود لوگوں کو یہ بھی بتایا کہ کئی ہائی پروفائل مسلم ہستیوں کی کامیابی نے یو ایس اے میں دیگر مسلمانوں کی حالت بہتر کرنے میں کوئی مدد نہیں کی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’حسن منہاج (مشہور امریکی کامیڈین) پیباڈی جیت سکتے ہیں، میں ایمی (امریکی ایوارڈ) جیت سکتا ہوں، ابتہاج محمد اولمپک جیت سکتی ہیں۔ لیکن ان میں کچھ رخنات ہیں اور ہم تنہا ان کا سامنا نہیں کر سکتے۔‘‘ اداکار نے مزید کہا کہ ’’ہمیں آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔ میں اصل طور پر آپ سے مدد مانگنے کے لیے یہاں آیا ہوں، کیونکہ آج کل کے دور میں مسلمان ہونا واقعی خوفناک ہے۔ بہت خوفناک۔‘‘

رِض احمد نے پریس کانفرنس کے دوران چین میں مبینہ طور پر اوئیگر مسلمانوں کو یرغمال بنائے جانے کے ساتھ بریگزٹ پر نیشنلزم کے اثر سے متعلق بھی اپنی رائے رکھی۔ انھوں نے اوئیگر مسلمانوں پر ہو رہے مظالم کے خلاف آواز بھی اٹھائی۔ واضح رہے کہ رِض اسٹار وارس اور وینم جیسی اہم فلموں کے علاوہ دی ریلکٹینٹ فنڈامینٹلسٹ، برٹز، بلیک گولڈ اور ہیملٹ جیسی درجنوں فلموں میں کام کر چکے ہیں۔ رِض برطانیہ کے شہری ہیں اور پاکستانی نژاد سماجی کارکن ہیں۔ ایک اداکار کی شکل میں وہ شہرت یافتہ ایمی ایوارڈ جیت چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Jul 2019, 9:10 PM