خاتون ہاکی ایشیا کپ 2025: ہندوستان نے تھائی لینڈ کو 0-11 سے شکست دے کر کیا شاندار آغاز، ممتاز خان کی بہترین کارکردگی

ہندوستان کی طرف سے آج ممتاز خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 گول داغے۔ اڈیتا اور بیوٹی نے بھی ہندوستانی ٹیم کے لیے 2-2 گول کیے۔

<div class="paragraphs"><p>ہندوستان اور تھائی لینڈ کے درمیان ہوئے مقابلے کا منظر، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/TheHockeyIndia">@TheHockeyIndia</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

چین کے شہر ہانگژو میں جاری خاتون ہاکی ایشیا کپ 2025 کے افتتاحی میچ میں ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تھائی لینڈ کو 0-11 سے شکست دے دی۔ اس فاتحانہ آغاز کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے واضح کر دیا ہے کہ وہ ایشیا کپ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اور موجودہ فارم کے ساتھ وہ عالمی کپ کوالیفیکیشن کی مضبوط دعوے دار نظر آتی ہے۔ اب ہندوستانی ٹیم کی نگاہیں جاپان کے خلاف 6 ستمبر کو ہونے والے میچ پر ہوں گی، جو ایک بڑا امتحان ہوگا۔

آج تھائی لینڈ کے خلاف ہندوستان کا مقابلہ گونگشو کینال اسپورٹس پارک ہاکی فیلڈ میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں ہندوستانی ٹیم نے مکمل طور پر تھائی ٹیم پر غلبہ رکھتے ہوئے ایک طرفہ مقابلہ اپنے نام کیا۔ ایف آئی ایچ پرو لیگ کے یورپ فیز میں آخری مقام پر رہنے کے بعد ہندوستانی ٹیم کے لیے یہ جیت بہت اہمیت رکھتی ہے۔ آج ہندوستانی ٹیم نے ابتدائی لمحہ سے ہی تھائی لینڈ پر دباؤ بنایا اور پہلا ہاف ختم ہونے تک 0-5 کی برتری حاصل کر لی۔ دوسرے ہاف میں بھی ہندوستان کا جارحانہ کھیل جاری رہا اور میچ کے اختتام تک ہندوستانی خواتین نے مجموعی طور پر 11 گول کیے۔


ہندوستان کی طرف سے آج ممتاز خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 گول داغے۔ اس بہترین کارکردگی کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اڈیتا اور بیوٹی نے بھی ہندوستانی ٹیم کے لیے 2-2 گول کیے۔ ان کے علاوہ سنگیتا، نونیت، لالریمسیا، شرمیلا اور پیسال نے 1-1 گول داغے۔ مجموعی طور پر ہندوستانی ٹیم کی ہر کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی پیش کرتی ہوئی نظر آئی، اور اسی کا نتیجہ رہا کہ تھائی لینڈ کی ٹیم نے ایک بھی گول نہیں داغا۔

بہرحال، یہ ایشیا کپ نہ صرف براعظم کی ٹیموں کے لیے بہت اہم ٹورنامنٹ ہے، بلکہ آئندہ سال بلجیم اور نیدرلینڈز میں ہونے والے خاتون ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے ایک کوالیفائنگ ٹورنامنٹ بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایشیا کپ کا ہر میچ نہایت فیصلہ کن ہونے والا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو اس ٹورنامنٹ سے قبل ایک بڑا دھچکا اس وقت لگا تھا جب تجربہ کار گول کیپر سویتا اور اسٹار فارورڈ و ڈریگ فلیکر دیپیکا انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں، لیکن پہلے میچ میں نئی کھلاڑیوں نے جس شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ہے، اس نے ٹیم میں ایک نیا حوصلہ پیدا کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔