دولت مشترکہ کھیلوں میں من پریت کو ہاکی انڈیا کی ملی کپتانی

ہندوستانی ٹیم کو، باوقار کھیلوں میں گروپ بی میں پاکستان، ملیشیا، ویلس اور انگلینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ وہ سات اپریل کو اپنی مہم کا آغاز پاکستان کے خلاف کرے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: سابق کپتان اور تجربہ کار کھلاڑی سردار سنگھ کو منگل کے روز اعلان کردہ دولت مشترکہ کھیلوں کی 18 رکنی ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے جبکہ مڈ فیلڈر من پریت سنگھ 4 سے 14 اپریل تک آسٹریلیا کے گولڈ کوسٹ میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں ٹیم کی قیادت (کپتانی) کریں گے۔

ہاکی انڈیا (ایچ آئی) نے دولت مشترکہ کھیلوں کے لئے ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں تجربہ کار ہندوستانی کھلاڑی سردار کے علاوہ فارورڈ رمن دیپ سنگھ کوبھی شامل نہیں کیا گیا ہے۔ گول کیپر پی آر شریجیش کی حالانکہ واپسی ہوئی، وہیں سورج کارکیرا کو ٹیم میں ریزرو گول کیپر کے طور پر رکھا گیا ہے۔

من پریت دولت مشترکہ کھیلوں 2018 کے کپتان کی ذمہ داری سنبھالیں گے جبکہ چنگلین سانا سنگھ کنگجم کو نائب کپتان بنایا گیا ہے۔

ہندوستانی ٹیم کو، باوقار کھیلوں میں گروپ بی میں پاکستان، ملیشیا، ویلس اور انگلینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ وہ سات اپریل کو اپنی مہم کا آغاز پاکستان کے خلاف کرے گا۔

ہندوستانی ٹیم میں چھ ڈیفنڈروں کو شامل کیا گیا ہے جن میں تجربہ کار روپیندر پال سنگھ کی واپسی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ہرمن پریت سنگھ، ورون کمار کوٹھاجیت سنگھ، گریندر سنگھ اور امت روہیداس ہیں۔ فارورڈ لائن میں آکاش دیپ سنگھ، ایس وی سنیل، جونیئر عالمی کپ کے فاتح گرجیت سنگھ، مندیپ سنگھ، للت اپادھیائے اور دلپریت سنگھ پر ذمہ داری رہے گی۔

کپتان من پریت سنگھ کو چنگلین سانا سنگھ سے مڈ فیلڈ میں تعاون ملے گا جو نائب کپتان بھی ہیں۔ سمیت اور وویک ساگر پرساد کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ہندوستان نے من پریت کی قیادت میں ہی ایشیا کپ 2017 کا خطاب اپنے نام کیا تھا اور اس کے بعد بھونیشور میں ہاکی عالمی لیگ فائنل میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔

سلیکٹروں نے دولت مشترکہ کھیلوں کے لئے ٹیم میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے۔ نیوزی لینڈ دورے سے کیریئر کا آغاز کرنے والے دلپریت سنگھ اور وویک ساگر پرساد کو ان کی بہترین کارکردگی کی بدولت ٹیم میں جگہ ملی ہے۔قومی ٹیم کے کوچ شوورڈ مرینے نے کہا کہ ایشیا کپ 2017 کے بعد سے ہی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو ذہن میں رکھ کر یہ ٹیم تیار کی گئی ہے۔ ہم نے پچھلے ٹورنامنٹ میں بھی مختلف صلاحیت والے کھلاڑیوں کو اتارا تھا اور ہمیں یقین ہے کہ دولت مشترکہ کھیل 2018 میں بھی یہ امتزاج کام آئے گا۔

ہالینڈ کے 43 سالہ مرینے نے کہا کہ اس ٹیم میں جیتنے کا جذبہ ہے اور وہ ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے اترے گی۔ کوچ نے کہا کہ ہماری ٹیم ہر میچ کے ساتھ بہتر بن رہی ہے۔ بھلے ہی وہ 27 ویں ازلان شاہ کپ میں اس سال پوڈیم فنش حاصل نہیں کرسکی ہو لیکن آسٹریلیا میں اس کی کارکردگی پر اس کا اثر نظر نہیں آئے گا۔ہندوستان نے پچھلے دو دولت مشترکہ کھیلوں میں آسٹریلیا کے بعد دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ کپتان من پریت نے بھی کھیلوں میں اچھی کارکردگی کا یقین ظاہر کیا ہے۔ 25 سالہ کھلاڑی نے کہا کہ ہمارا ہدف پہلے گروپ مرحلے میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرنا ہے کیونکہ ہمارا پول بی کافی چیلنجنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم فہرست میں ٹاپ پر رہیں تاکہ سیمی فائنل میں داخلہ لےسکیں۔ اگر ہم ناک آؤٹ میں آسٹریلیا سے پھر سے مقابلہ کرتے ہیں تو ہمیں یقین ہے کہ مخالف ٹیم کو ہم سے کافی چیلنج ملے گا۔

ٹیم اس طرح ہے۔

گول کیپر: شریجیش پاراتو رویندر ، سورج کارکیرا۔

ڈیفنڈر: روپندر پال سنگھ، ہرمن پریت سنگھ، ورون کمار، کوٹھا جیت سنگھ کندانگبم، گریندر سنگھ، امت روہیداس۔

مڈفیلڈر: من پریت سنگھ (کپتان)، چنگلین سانا سنگھ کنگجم (نائب کپتان)، سمیت، وویک ساگر پرساد۔

فارورڈ: آکاش دیپ سنگھ، سنیل سومارپیت ویتالاچاریہ، گرجنت سنگھ، من پریت سنگھ، للت کمار اپادھیائے، دلپریت سنگھ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔