ہندوستان نے ہاکی ایشیا کپ کا خطاب اپنے نام کیا

ڈھاکہ: ہندوستانی ہاکی ٹیم نے اتوار کو کھیلے گئے فائنل مقابلہ میں ملیشیا کو مات دے کر ہیرو ایشیا کپ 2017 کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم نے نہایت دلچسپ فائنل مقابلے میں ملائشیا کو ایک گول کے مقابلے دو گول سے شکست دے کر تیسری مرتبہ ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے چمپئن کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ہندوستان نے جلد ہی صفر۔ دو کی برتری حاصل کرلی تھی لیکن پہلی مرتبہ فائنل کھیلنے والی ملائشیا کی ٹیم نے کھیل کے پچاسویں منٹ میں شاندار گول کرکے مقابلے کو دلچسپ بنادیا۔ ہندوستان کو آخری پانچ منٹ میں ملائشیا کو اپنے گول پوسٹ تک آنے سے روکنےکےلئے اپنی ایڑی چوٹی کا زور لگانا پڑا۔ ہندوستان دو۔ ایک کی اپنی برتری کھیل کے آخر تک برقراررکھنے میں کامیاب رہا۔

ہندوستان نے اس سے قبل سال 2003 میں کوالالمپور اور سال 2007 میں چنئی میں ایشیاکپ کے خطاب جیتے تھے۔ ہندوستان کو اس کے بعد دس سال تک انتظار کرنا پڑا تھا۔ ہندوستان کی جانب سے رمن دیپ سنگھ نے تیسرے اور للت اپادھیائے نے 29ویں منٹ میں گول کئے۔
اس سے پہلے پاکستان نے کوریا کو 6۔3 سے ہراکر تیسرا مقام حاصل کیا تھا۔ کوریا چوتھے، جاپان پانچویں، بنگلہ دیش 6ویں ، چین ساتویں اور عمان آٹھویں مقام پر رہا۔
ہندوستان 2013 میں گزشتہ اڈیشن میں کوریا سے تین۔ چار سے ہارکر رنراپ رہا تھا۔ لیکن اس بار اس نے پورے ٹورنامنٹ میں نہ ہارنے کا سلسلہ برقرار رکھا اور خطاب حاصل کیا۔ ہندوستان کا ایشیا کپ میں ملائشیا کے ساتھ اس کا آٹھواں مقابلہ تھا جس میں ہندوستان نے مسلسل نہ ہارنے کا سلسلہ برقرار رکھا جہاں ہندوستان نے آٹھ میچوں میں سے سات میں جیت درج کی اور ایک ڈرا کھیلا ہے۔

ہندوستان نے جس طرح سپرفور کے آخری مقابلے میں پاکستان کو چار۔ صفر سے ہرایا تھا اسےلگ رہا تھا کہ ہندوستان کو ملائشیا کو ہرانےمیں زیادہ پریشانی نہیں ہوگی۔ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ کھیل کے آخری دس منٹ میں ملائشیا نے ہندوستان کی دفاع پر تابڑ توڑ حملے کرکے ہندوستانی کھلاڑیوں کا پسینہ نکال دیا۔
ہندوستان نے ابتداء سے ہی ملائشیا کے دفاع پر تابڑ توڑ حملےکئے۔ کھیل کے تیسرے منٹ میں ہی ایس وی سنیل کے پاس پر رمن دیپ سنگھ نے ڈایو لگاتے ہوئے گول کرنے میں کوئی غلطی نہیں کی۔ دونوں ٹیمیں پنالٹی کارنر حاصل کرنے کےلئے ریفیل کا بھی استعمال کرتے رہے۔ لیکن کسی کو زیادہ کامیابی نہیں ملی۔
ملائشیا کو 14ویں منٹ میں پنالٹی کارنر ملا لیکن اس کےکھلاڑی گیند کو نہیں روک پائے۔ ہندوستان کو 22ویں منٹ میں پہلا پنالٹی کارنر ملا لیکن ہرمن پریت سنگھ کا فلیک باہر نکل گیا جب کہ 26ویں منٹ میں ملی پنالٹی کارنر کر ملائشیا کے گول کیپر نےبچالیا۔
میچ کے 29ویں منٹ میں گرچنت سنگھ نے بائیں فلنگ سے آکاش دیپ سنگھ سے ملی گیند پر بہترین کنٹرول کا مظاہرہ کرتےہوئے گول کے ٹھیک سامنے بھیجا جس پرللت اپادھیائے نے گول کرنے میں کوئی غلطی نہیں کی۔
دو گول کی برتری حاصل کرنے کےبعد ہندوستانی کھلاڑوں نے تیسرے کوارٹر میں دفاعی رخ اختیار کیا جس کا فائدہ اٹھاکر ملائشیا نے ہندوستان پر دباؤ بنالیا۔ شہریل صبا نے پچاسویں منٹ میں بہترین کوشش سے ملائشیا کو پہلا گول دلایا۔ ہندوستان نے اس پر ریفریل مانگا جسے خارج کردیا گیا۔
ملائشیا کو 56ویں منٹ میں برابری کا بہترین موقع ملا لیکن ہندوستانی گول کیپر امت روہت داس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطرہ ٹال دیا۔ 59ویں منٹ میں ملائشیا نے پنالٹی کارنر کے لئے ریفریل مانگا لیکن اس بار اس کا ریفریل خارج ہوگیا۔ آکاش دیپ سنگھ کو مین آف دی میچ کا اعزاز ملا جبکہ ملائشیا کے فیصل سوری کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 23 Oct 2017, 9:03 AM