ایچ3این2 وائرس کا پھیلاؤ: اس ریاست میں اسکول بند کرنے کا حکم، ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بھی 4 ہزار سے تجاوز

ملک میں ایچ3این2 وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، اور ریاستی حکومتوں نے احتیاطی اقدامات اٹھانا شروع کر دئے ہیں۔ جبکہ مک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کر 4197 ہو گئی ہے

کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک میں ایچ3این2 وائرس کا پھیلاؤ نظر آنے لگا ہے اور کئی ریاستوں نے احتیاطی اقدامات اٹھانا شروع کر دئے ہیں۔ اسی ضمن میں پڈوچیری کے وزیر تعلیم نماسیوم نے اس وائرس اور فلو کے معاملوں کی بڑھتی تعاد کے پیش نظر اسکولوں کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق وزیر تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ پڈوچیری کے تمام اسکول 16 مارچ سے 26 مارچ تک بند رہیں گے۔ فی الحال یہ فیصلہ پہلی تا آٹھویں جماعت تک کے طلبا کے لئے لیا گیا ہے۔ بقیہ کلاسز اپنے مقررہ وقت کے مطابق جاری رہیں گی۔ دوسری جانب کئی ریاستوں کے محکمہ صحت نے اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈ قائم کرنے کے احکامات دیے ہیں۔ اس کے ساتھ اس وائرس سے متعلق کسی بھی مریض کے بارے میں معلومات طلب کی گئی ہیں۔

ادھر، کورونا وبا کی بات کریں تو ملک میں کورونا وائرس (کووڈ-19) کی عالمی وباء سے گزشتہ 24 گھنٹے میں پانچ لوگوں کی موت ہو گئی اور زیر علاج مریضوں میں 294 کا اضافہ ہوا ہے۔ یو این آئی نے وزارت صحت کے حوالہ سے بتایا کہ زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کر 4,197 ہو گئی ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 319 افراد صحت یاب ہوئے ہیں اور اب کورونا وائرس سے مکمل طور پر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 44156970 تک پہنچ گئی ہے۔

ملک میں کورونا کی ٹیکہ کاری کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اس سلسلے میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 8 ہزار افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں اور اب تک ملک میں 2 کروڑ 20 لاکھ 64 ہزار 71 ہزار 236 افراد کو ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ ملک میں متاثرین کی کل تعداد 4,46,91,956 ہے۔


مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں سب سے زیادہ 85 مریضوں کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہماچل پردیش میں 40، گجرات میں 35، تلنگانہ میں 35، دہلی میں 24، تمل ناڈو میں 12، گوا، کرناٹک اور مرکز کے زیر انتظام خطہ پڈوچیری میں آٹھ، اتر پردیش اور مغربی بنگال، راجستھان اور اتراکھنڈ میں چھ، چنڈی گڑھ میں پانچ، جموں و کشمیر، جھارکھنڈ اور مدھیہ پردیش، اڈیشہ میں ایک مریض کا اضافہ ہوا ہے۔ اس بیماری سے کرناٹک اور مہاراشٹر میں دو، اتراکھنڈ میں ایک شخص کی موت ہوئی۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔