دہلی: پرائیویٹ اسپتالوں میں کورونا کے علاج کی فیس میں تین گنا کٹوتی

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے جمعہ کے روز مریضوں کی جانچ اور علاج آسان اور سستا کرنے کے لیے اہم فیصلے کئے اور کورونا جانچ کی فیس تقریباً نصف کرنے کے بعد اسپتالوں کی علاج فیس میں بھی کر دی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی میں کورونا بحران گہراتا ہی جا رہا ہے۔ ایک طرف جہاں کیجریوال حکومت نے لگاتار لاپروائی کی وہیں مرکزی حکومت بھی راجدھانی کو نظر انداز کرتی رہی۔ تاہم اب مرکزی حکومت خواب غفلت سے بیدار ہوتی نظر آ رہی ہے۔ اسی سلسلہ میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے جمعہ کے روز مریضوں کی جانچ اور علاج آسان اور سستا کرنے کے لیے اہم فیصلے کئے اور کورونا جانچ کی فیس تقریباً نصف کرنے کے بعد اسپتالوں کی علاج فیس میں بھی کر دی ہے۔

امت شاہ نے علاج فیس میں کٹوتی کے لئے نیتی آیوگ کے ڈاکٹر وی کے پال کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دے کر تین دن میں رپورٹ مانگی تھی۔ کمیٹی کو دہلی کے پرائیویٹ اسپتالوں میں آئیسولیشن بیڈ، بغیر وینٹی لیٹر کے آئی سی یو اور وینٹی لیٹر کے ساتھ آئی سی یو میں کورونا کے علاج کی فیس سمیت دیگرپریشانیوں کے حل کی سفارش کرنی تھی۔


میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر پال کی علاج میں بڑی کٹوتی کی سفارشات کو حکومت نے تسلیم کر لیا ہے جس سے دہلی کے پرائیویٹ اسپتالوں میں کورونا وائرس کے علاج کا خرچ تین گنا تک کم ہو جائے گا۔ کمیٹی نے پی پی ای کٹ کے ساتھ آئیسولیشن بیڈ کے لئے آٹھ سے دس ہزار ، بغیر وینٹی لیٹر کے ساتھ آئی سی یو بیڈ کی قیمت 13 سے 15 ہزار اور وینٹی لیٹر کے ساتھ آئی سی یو بیڈ کی فیس پندرہ سے اٹھارہ ہزار طے کی ہے۔

پہلے پرائیویٹ اسپتالوں میں آئیسولیشن بیڈ کی قیمت 24 سے 25 ہزار ، آئی سی یو بیڈ کی قیمت 34 سے 43 ہزار اور جبکہ آئی سی یو وینٹی لیٹر کے ساتھ 44 سے 54 ہزار روپئے کے بیچ تھی۔ اس کے علاوہ پی پی ای کٹ کے پیسے الگ سے وصول کئے جاتے تھے۔ دہلی میں کورونا کی جانچ کی قیمت بھی 4500 سے کم کرکے 2400 کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جانچ بھی کافی بڑھا دی گئی ہے۔

کورونا کے معاملے میں دہلی ملک میں تیسرے نمبر پر ہے۔ دہلی کی وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق جمعرات تک 49,979 افراد متاثر ہیں جبکہ 1,969 افراد اس خطرناک بیماری کا شکار بن چکے ہیں۔


دہلی سرکار نے 31 جولائی تک راجدھانی میں کورونا کے ساڑھے پانچ لاکھ معاملہ پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ اس وقت 80 ہزار بیڈ کی ضرورت ہوگی ۔ اسے ذہن میں رکھ کر چھترپور میں بھاٹی مائنس واقع رادھا سوامی ستسنگ بیاس احاطہ میں دس ہزار بیڈ کا آئیسولیشن سنٹر تیار کیا جارہا ہے۔ ریل کے 500 کوچ میں آٹھ ہزار بیڈ اور کئی بڑے ہوٹلوں کو وہاں کے نزدیکی اسپتالوں میں جوڑ کر بیڈ کی سہولت تیار کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ دہلی میں بے قابو ہوتے کورونا وائرس کے حالات پر مرکزی وزیر داخلہ کی صدارت میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سمیت ایل جی انل بیجل، نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا، ایمس کے ڈائریکٹر اور دیگر رہنماؤں و افسران کی موجودگی میں میٹنگ کا انعقاد ہوا تھا۔ اس میٹنگ کے دوران کئی اہم فیصلے کئے گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔