کرناٹک اور گجرات کے بعد مہاراشٹر میں ہندوستان کا ’اومیکرون‘ کا چوتھا معاملہ، جنوبی افریقہ سے ممبئی لوٹا شخص متاثر

ہندوستان میں اومیکرون کے چوتھے معاملے کی تصدیق کی جا چکی ہے، نیا معاملہ ممبئی میں رپورٹ ہوا ہے جہاں گزشتہ مہینے کورونا سے متاثرہ پائے گئے 33 سالہ شخص میں یہ ویرینٹ پایا گیا ہے

اومیکرون ویرینٹ
اومیکرون ویرینٹ
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: کرناٹک اور گجرات کے بعد ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر میں کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکروں کے چوتھے معاملہ کی تصدیق کی گئی ہے۔ مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی ایک 33 سالہ شخص میں اومیکرون کی تصدیق کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق متاثرہ شخص جنوبی افریقہ سے دبئی کے راستہ دہلی پہنچا تھا، اس کے بعد یہ ممبئی پہنچا۔ یہ شخص گزشتہ مہینے کورونا سے متاثرہ پایا گیا تھا اور اسے فی الحال ڈومبیولی کووڈ کیئر سینٹر میں رکھا گیا ہے۔

’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق مریض ڈومبیولی علاقہ کا رہائشی اور اس نے تاحال کورونا کا ٹیکہ نہیں لگوایا ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا کہ متاثرہ شخص جب 24 نومبر کو ممبئی ایئرپورٹ پر پہنچا تو اسے ہلکا بخار تھا اور اس میں کورونا کی علامات ظاہر نہیں ہو رہی تھیں۔ جانچ کرانے پر وہ شخص کورونا سے متاثرہ نکلا۔


اس سے قبل، گجرات کے جام نگر میں اومیکرون کے تیسرے معاملے کی تصدیق کی گئی تھی۔ یہاں ایک 72 سالہ بزرگ میں اومیکرون پایا گیا، جس کے بعد اس کا نمونہ جینوم سیکوینسنگ کے لئے بھیج دیا گیا۔ اومیکرون سے متاثرہ شخص جہاں پر ٹھہرا تھا وہاں ایک مائیکرو کنٹنمنٹ زون بنایا گیا ہے اور اس سے رابطہ میں آنے والے لوگوں کی شناخت کر کے ان کی ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ ہندوستان میں سب سے پہلے ریاست کرناٹک میں اومیکرون کے کیسز کی تصدیق کی گئی تھی۔ متاثرین میں ایک ڈاکٹر بھی شامل ہے، جس کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے اور اس میں بخار، بدن درد جیسی علامات ظاہر ہو رہی ہیں۔ دوسرا شخص جنوبی افریقی شہری ہے جو کورونا کی منفی رپورٹ کے ساتھ ہندوستان پہنچا اور بعد میں اس میں اومیکرون ویرینٹ پایا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔