کف سیرپ تنازعہ: تمل ناڈو میں پابندی، راجستھان ڈرگ کنٹرولر معطل، آج سے گھر گھر سروے کا آغاز
مدھیہ پردیش و راجستھان میں بچوں کی اموات کے بعد تمل ناڈو میں ’کولڈرف‘ سیرپ پر پابندی عائد، راجستھان ڈرگ کنٹرولر معطل، آج سے گھر گھر سروے شروع، مرکز کی دو سال سے کم بچوں کو دوا نہ دینے کی ہدایت

نئی دہلی: کف سیرپ تنازعہ نے ملک بھر میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ مدھیہ پردیش اور راجستھان میں 11 بچوں کی موت کے بعد تمل ناڈو حکومت نے متنازعہ سیرپ ’کولڈرف‘ کی فروخت اور ذخیرہ اندوزی پر یکم اکتوبر سے پابندی عائد کر دی ہے۔ ریاستی محکمہ صحت نے کمپنی کے کانچی پورم واقع یونٹ کا معائنہ کر کے نمونے حاصل کیے ہیں، جنہیں لیبارٹری میں جانچ کے لیے بھیجا گیا ہے تاکہ اس میں ڈائی ایتھلین گلائکول جیسے خطرناک کیمیکل کی موجودگی کو پرکھا جا سکے۔
ادھر راجستھان حکومت نے ریاستی ڈرگ کنٹرولر کو معطل کر دیا ہے۔ ساتھ ہی جے پور کی ’کےسنز‘ کمپنی کی دواؤں کی تقسیم پر بھی روک لگا دی گئی ہے۔ اس سے قبل متنازعہ سیرپ بچوں کو تجویز کرنے کے الزام میں ایک ڈاکٹر اور فارماسسٹ کو بھی معطل کیا جا چکا ہے۔
مرکزی حکومت نے اس معاملے پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کو ایڈوائزری جاری کی ہے۔ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ دو سال سے کم عمر کے بچوں کو کھانسی اور زکام کی دوائیں نہ دی جائیں۔ ڈی جی ایچ ایس کی اس رہنما ہدایت کا مقصد ممکنہ طور پر خطرناک سیرپ سے بچوں کی جان کو محفوظ رکھنا ہے۔
راجستھان حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ہفتہ سے ریاست بھر میں گھر گھر سروے مہم چلائی جائے گی۔ اس مہم کے دوران آشا کارکنان، اے این ایم اور سی ایچ او عوام کو بیدار کریں گے کہ وہ بغیر ڈاکٹر کے مشورے کے کھانسی یا زکام کی دوا استعمال نہ کریں۔ عوام سے کہا جائے گا کہ وہ دوائیں بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں اور کسی بھی مضر اثرات کی صورت میں فوراً ایکشن لیں۔
ریاستی محکمہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ مستقبل میں اگر کسی نے پروٹوکول کے خلاف دوا تجویز یا تقسیم کی تو اس کی ذمہ داری طے کی جائے گی۔ قومی صحت مشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر امیت یادو نے کہا کہ چار سال سے کم عمر کے بچوں کو ڈیکسٹرومورفن پر مبنی دوا ہرگز نہ دی جائے۔ عوام کو یہ سمجھانا ضروری ہے کہ گھروں میں رکھی دوائیں بھی بغیر طبی مشورے کے استعمال نہ کی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوا کھانے کے بعد اگر بچے میں کوئی بھی منفی علامت مثلاً سانس لینے میں دشواری، حد سے زیادہ نیند، بے ہوشی، قے یا دورے دیکھنے کو ملیں تو فوراً قریبی اسپتال یا ہیلپ لائن نمبر 104/108 یا ریاستی کنٹرول روم 0141-2225624 پر رابطہ کیا جائے۔
اس دوران راجستھان حکومت نے ریاست میں دستیاب سیرپ کے نمونوں کی جانچ کرائی ہے، جس میں یہ پایا گیا کہ سیرپ مقررہ معیارات پر پورا اترا ہے۔ ریاستی وزیر صحت گجیندر سنگھ نے بتایا کہ دوا میں کوئی گڑبڑی نہیں ملی ہے، تاہم احتیاطی طور پر جانچ کا سلسلہ جاری رہے گا۔
دوسری طرف مہاراشٹر میں پولیس اور ماحولیاتی بورڈ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ٹھانے، پالگھر اور ایم بی وی وی پولیس کی مشترکہ ٹیم نے 26935 لیٹر کوڈین پر مبنی کف سیرپ سمیت 147 کروڑ روپے مالیت کی نشہ آور ادویات اور ڈرگز کو ضائع کر دیا ہے۔ یہ کارروائی مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ کی منظوری کے بعد انجام دی گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔