کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ کا امریکہ اور متحدہ عرب امارات سمیت دنیا کے 25 ممالک میں پھیلاؤ

کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون نے اب امریکہ اور متحدہ عرب امارات میں بھی دستک دے دی ہے، اس پھیلاؤ اب تک دنیا کے 25 ممالک میں ہو چکا ہے

کورونا وائرس، تصویر یو این آئی
کورونا وائرس، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کورونا وائرس کے انفیکشن کے نئے ویرینٹ اومیکرون نے اب امریکہ اور متحدہ عرب امارات میں بھی دستک دی ہے۔ دونوں ممالک میں اومیکرون کا ایک ایک کیس پایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایسے ممالک کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جہاں کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے کیسز پائے گئے ہیں۔ اب ایسے کم از کم 25 ممالک ہیں۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا کا ایک شخص وائرس کی اس نئی شکل سے متاثر پایا گیا ہے۔ امریکہ کے اعلیٰ متعدی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے وائٹ ہاؤس میں کہا کہ امریکہ میں کورونا کے اومیکرون ویرینٹ سے متاثر ہونے کا یہ پہلا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ شخص 22 نومبر کو جنوبی افریقہ سے واپس آیا تھا اور 29 نومبر کو متاثرہ پایا گیا تھا۔ فاؤچی نے کہا کہ اس شخص کو ٹیکہ لگایا گیا تھا لیکن اس نے ویکسین کی بوسٹر خوراک نہیں لی تھی۔ متاثرہ شخص میں معمولی علامات ظاہر ہو رہی ہیں۔


خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے جنوبی افریقی ممالک کے سفر پر پابندی عائد کر دی تھی کیونکہ یہیں سے کورونا کے نئے ویرینٹ کا انکشاف ہوا تھا۔ اب یہ ویرینٹ یہاں سے کم از کم 25 ممالک میں پھیل چکا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے صدر ٹیڈروس ایڈنوم گیبریاس پہلے ہی اس کے دوسرے ممالک میں پھیلنے کا امکان ظاہر کر چکے ہیں۔

کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے اب تک بوتسوانا میں 19، جنوبی افریقہ میں 77، نائجیریا میں 3، برطانیہ میں 22، جنوبی کوریا میں 5، آسٹریلیا میں 7، آسٹریا میں ایک، بلجیم میں ایک، برازیل میں 3، جمہوریہ چیک میں ایک، فرانس میں ایک، جرمنی میں 9، ہانگ کانگ میں 4، اسرائیل میں 4، اٹلی میں 9، جاپان میں 2، ہالینڈ میں 16، ناروے میں 2، اسپین میں 2، پرتگال میں 13، سویڈن میں 3، کینیڈا میں 6، ڈنمارک میں 4، امریکہ میں ایک اور متحدہ عرب امارات میں ایک معاملہ درج کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Dec 2021, 8:45 AM