کورونا کا قہر جاری: دنیا بھر میں 10 ہزار سے زیادہ جاں بحق، ڈھائی لاکھ متاثرہ

دنیا کے 120 ممالک میں پھیل چکے جان لیوا کورونا (کووڈ-19)سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

بیجنگ، جینوا، نئی دہلی: دنیا کے 120 ممالک میں پھیل چکے جان لیوا کورونا (کووڈ-19)سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سے اب تک 10020 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 244683 متاثر ہو چکے ہیں۔ ہندستان میں بھی کورونا کا دائرہ پھیلتا جا رہا ہے۔جس سے اب تک اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 195 ہو گئی ہے۔پنجاب میں کورونا سے متاثر ایک بزرگ کی جمعرات کو موت ہو گئی جس کے ساتھ ہی ملک میں اس کے قہر سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 4 ہوگئی ہے۔

پنجاب میں ضلع نواں شہر کے پٹھلاوا گاؤں میں کورونا سے متاثر مریض کی کل صبح موت ہوگئی۔یہ بزرگ سات مارچ کو اٹلی سے جرمنی کے راستے ہندستان آئے تھے۔نواں شہر کے سول سرجن ڈاکٹر راجندر بھاٹیا نے بتایا کہ بزرگ کے لئے گئے نمونے کی آج آئی رپورٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ملک میں کورونا سے یہ چوتھی موت تھی۔اس سے قبل کرناٹک،دہلی اور مہاراشٹر میں ایک ایک شخص کی موت ہو گئی تھی۔


وزارت صحت نے جمعہ کے روز بتایا کہ ملک میں کورونا کے 195 معاملے مثبت پائے گئے ہیں۔جن میں 163 مریض ہندستانی ہیں جبکہ 32 کا تعلق غیر ممالک سے ہے۔کورونا سے متاثر 20 افراد علاج کے بعد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ پوری دنیا میں کورونا کا قہر بڑھتا جا رہا ہے۔لیکن ابھی بھی اس سے سب سے زیادہ متاثر چین کے لوگ ہی ہیں۔اس وائرس کے تعلق سے تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں ہوئی اموات کے 80 فیصد معاملے 60 سال سے زیادہ عمر کے تھے۔چین میں 80967 افراد کی کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔تقریباً3248 افراد اس کی زد میں آکر اپنی جان گنوا چکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت (who)کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں چین میں کورونا سے تین اور چین کے باہر 773 افراد کی موت ہو چکی ہے۔چین میں اب تک 3248 افراد اس وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں۔جبکہ 6772 اموات چین کے باہر ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ وائرس دنیا کے 150 سے زائد ممالک میں اپنے پیر پھیلا چکا ہے۔ چین کے علاوہ کورونا وائرس نے اٹلی،اسپین،ایران،امریکہ اور جنوبی کوریا سمیت دنیا کے بیشتر ممالک کو اپنی گرفت میں لے لیا ہے۔اس وائرس کے نصف سے زائد معاملے اب چین کے باہر کے ہو گئے ہیں۔


ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق چین کے بعد اٹلی میں اس خطرناک وائرس نے وسیع پیمانے پر تباہی مچائی ہوئی ہے۔اٹلی میں کورونا کی وجہ سے اب تک 3405 افراد کی موت ہو چکی ہے۔جبکہ 41035 لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں۔اٹلی میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے درمیان 427 افراد کی موت ہو ئی ہے۔دنیا کے دیگر ممالک میں بھی صورت حال بے حد سنگین بنی ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔