ابھی کورونا کی وبا کا خاتمہ نہیں ہوا، محتاط رہیں، عالمی ادارہ صحت کا انتباہ

عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ’’یہ بات تشویش کا باعث ہے کہ کورونا کے معاملے لگاتار بڑھ رہے ہیں، جس سے نظام صحت اور طبی اہلکاروں پر دباؤ پڑ رہا ہے‘‘

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ / آئی اے این ایس
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے وارننگ جاری کی ہےکہ کورونا وبا ابھی ختم نہیں ہوئی ہے کیونکہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران دنیا بھر میں کورونا کے نئے معاملوں میں 30 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہونام نے کہا کہ دنیا بھر میں بڑھتے کورونا کیسز کی لہر اس بات کا ثبوت ہے کہ کووڈ 19کی وبا کا خاتمہ ابھی قریب نہیں ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ’’یہ بات تشویش کا باعث ہے کہ کورونا کے معاملے لگاتار بڑھ رہے ہیں، جس سے نظام صحت اور طبی اہلکاروں پر دباؤ پڑ رہا ہے۔ کورونا کی وجہ سے لگاتار ہو رہی اموات پر بھی میں فکرمند ہوں۔‘‘


ڈبلیو ایچ او ہیلتھ ایمرجنسی پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مائیکل ریان کے مطابق حال ہی میں رپورٹ ہونے والے نئے کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ زیادہ تر سب ویرینٹ بی اے کی وجہ سے ہے، اس میں بی اے 4 اور 5 کے کیسز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ پالیسیوں میں حالیہ تبدیلیاں نئے کیسز کا پتہ لگانے اور وائرس کے ارتقاء کی نگرانی میں بھی رکاوٹ ہیں۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے کورونا کے نئے ویرینٹ بی اے-5 سے نمٹنے کےلیے بوسٹر شاٹس لگوانے اور ٹیسٹ کروانے کی نئی مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ چین میں کورونا کیس رپورٹ ہونے پر شہر’وگانگ’ میں تین دن کا لاک ڈاؤن لگا دیا گیا جس میں صرف ایمرجنسی کی صورت میں لوگوں کو گھر سے نکلنےکی اجازت ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔