ٹیپو سلطان

20 نومبر 1750 – 4 مئی 1799

<b>ٹیپو سلطان</b>
ٹیپو سلطان
user

قومی آوازبیورو

شیر میسور کے نام سے مشہور ٹیپو سلطان کی پیدائش 20 نومبر 1750 کو کرناٹک کے دیوناہلی میں ہوئی۔ والد کا نام حیدر علی تھا جو خود انگریزوں کے سخت مخالف اور وطن پرست حاکم تھے۔ حیدر علی نے ٹیپو سلطان کی تعلیم اور جنگی تربیت پر بچپن سے ہی توجہ دی اور نتیجہ کار کم عمری سے ہی ان میں ایک بہترین سپہ سالار اور عادل بادشاہ کا عکس نظر آنے لگا تھا۔ محض 17 سال کی عمر میں انھیں اہم سفارتی اور فوجی امور سے متعلق آزادانہ اختیار دے دیا گیا۔ 7 دسمبر 1782 میں جب حیدر علی کا انتقال ہوا تو ٹیپو سلطان کی عمر 32 سال تھی اور اس عرصہ میں انھوں نے اپنے والد کے ساتھ مل کر برطانوی فوجوں کا جینا حرام کر دیا تھا۔ چالباز انگریزوں نے حالانکہ مراٹھوں اور نظام کو اپنے ساتھ ملا کر ٹیپو سلطان کو شکست دینے کی بے پناہ کوششیں کیں لیکن سیر میسور اپنے حوصلے، عزم اور ماہرانہ جنگی پالیسیوں پر عمل کرتے ہوئے ہمیشہ فتح یاب ہوئے۔ انھوں نے برصغیر کے لوگوں کو انگریزوں کی غلامی سے آزاد کرنے کے لیے سنجیدہ و عملی اقدامات کئے، دوررس اثرات کی حامل فوجی اصلاحات نافذ کیں، صنعت و تجارت کو فروغ دیا اور انتظامیہ کو ازسرنو منظم کیا، مگر افسوس کہ دیگر ریاستوں کے حاکموں نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور میر صادق و پورنیا جیسے اپنے لوگوں نے ٹیپو سلطان کے ساتھ غداری کر دی۔ اگر میر صادق نے قلعہ کا نقشہ انگریزوں کو نہیں دیا ہوتا اور پورنیا نے جنگ کے وقت قلعہ کا دروازہ نہیں کھولا ہوتا تو 4 مئی 1799 کو ٹیپو سلطان شہید نہیں ہوئے ہوتے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔