فیفا عالمی کپ کھیلنے کے چند ہفتوں بعد جنوبی افریقہ کے اسٹار مڈ فیلڈر 25 سالہ جیڈن ایڈمس کا انتقال
جنوبی افریقہ کے کھیل، فنون اور ثقافت کے وزیر گیٹن میکینزی نے نوجوان مڈفیلڈر کے انتقال پر حیرت اور گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ملک کے سب سے باصلاحیت فٹبال کھلاڑیوں میں سے ایک قرار دیا۔

’فیفا عالمی کپ 2026‘ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کے محض چند ہفتوں بعد جنوبی افریقہ کے مڈفیلڈر جیڈن ایڈمس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ 25 سالہ ایڈمس نے ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ کے تینوں گروپ مرحلے کے مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔ ٹیم ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئی تھی، لیکن ایڈمس کو ’راؤنڈ آف 32‘ میں مشترکہ میزبان کناڈا کے خلاف میچ میں کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا تھا۔ 29 جون کو کھیلے گئے اس مقابلے میں ٹیم کو 0-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ایڈمس نے 2022 میں جنوبی افریقہ کے لیے اپنے سینئر بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ کلب فٹبال میں جنوبی افریقہ کی ٹاپ فلائٹ ٹیم میمیلوڈی سن ڈاؤنز کے لیے کھیلتے تھے۔ جنوبی افریقہ کے کھیل، فنون اور ثقافت کے وزیر گیٹن میکینزی نے نوجوان مڈفیلڈر کے انتقال پر حیرت اور گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ملک کے سب سے باصلاحیت فٹبال کھلاڑیوں میں سے ایک قرار دیا۔ میکینزی نے اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ ’’جیڈن ایڈمس کے انتقال کی خبر سن کر مجھے گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ جنوبی افریقی فٹبال نے اپنے سب سے امید افزا نوجوان ٹیلنٹس میں سے ایک کو کھو دیا ہے۔ ہمارا ملک ان کے اہل خانہ، ساتھی کھلاڑیوں اور ان لاکھوں مداحوں کے غم میں برابر کا شریک ہے، جنہوں نے انہیں ایک ابھرتے ہوئے کھلاڑی سے ایک شاندار بین الاقوامی فٹبالر بنتے دیکھا تھا۔‘‘
جیڈن ایڈمس کی موت کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ ایسے میں میکینزی نے مداحوں اور میڈیا سے اپیل کی ہے کہ جب تک متعلقہ حکام اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں، اس وقت تک کسی بھی قسم کی قیاس آرائی نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ’’جیڈن کی موت کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہے۔ میں میڈیا اور مداحوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تحمل اور ہمدردی کا مظاہرہ کریں اور قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔ اس انتہائی مشکل وقت میں ان کے خاندان اور میمیلوڈی سن ڈاؤنز کو رازداری دی جانی چاہیے۔ کسی بھی سرکاری معلومات کا اعلان مناسب وقت پر متعلقہ فریقین کی جانب سے کیا جائے گا۔‘‘
جنوبی افریقی فٹبال پلیئرز یونین نے بھی ایڈمس کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ یونین نے کہا کہ ’’جیڈن نے حال ہی میں 2026 کے عالمی کپ میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرتے ہوئے فخر، جرأت اور شاندار انداز میں ملک کی امیدوں کو آگے بڑھایا تھا۔ ان کا انتقال ان کے خاندان، ساتھی کھلاڑیوں، کلبوں، فٹبال برادری اور پورے ملک کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔‘‘ اس نے مزید کہا کہ ’’جنوبی افریقی فٹبال نے ایک باصلاحیت کھلاڑی، کھیل کے ایک مخلص خادم اور ایک ایسی نوجوان زندگی کو کھو دیا ہے، جس میں ابھی بہت کچھ کرنے کی صلاحیت موجود تھی۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
