’میرا عالمی کپ کا سفر ختم، لیکن...‘، فیفا عالمی کپ ٹورنامنٹ سے پرتگال کے باہر ہونے پر غمزدہ رونالڈو کا رد عمل آیا سامنے
رونالڈو نے کہا کہ ’’یہ میرا آخری ورلڈ کپ تھا، اب میرے پاس اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارے کا موقع ہوگا۔ میں کبھی بھی جلد بازی میں اور جذبات میں بہہ کر فیصلے نہیں لیتا ہوں۔‘‘

’فیفا عالمی کپ 2026‘ کے راؤنڈ آف-16 میں اسپین کے خلاف شکست کے ساتھ ہی پرتگال مقابلے سے باہر ہو گیا ہے۔ اس شکست نے فٹبال کے کروڑوں مداحوں کو افسردہ کیا ہے۔ لیکن سب سے زیادہ ذکر کرسٹیانو رونالڈو کا ہو رہا ہے۔ 41 سالہ اسٹار فٹبالر نے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ یہ ان کے کیریئر کا آخری عالمی کپ ہوگا۔ اسپین سے شکست کے بعد رونالڈو جذباتی نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی کپ سے اس طرح باہر ہونا مایوس کن ہے۔ میں نے اپنا سب کچھ جھونک دیا اور اپنی جانب سے پوری کوشش کی۔ میں مطمئن بھی ہوں کہ میں نے کوئی کمی نہیں چھوڑی ہے۔ یہ میرا آخری عالمی کپ تھا، اب میرے پاس اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارے کا موقع ہوگا۔ میں جلد بازی میں کسی بھی قسم کا فیصلہ نہیں کروں گا۔ میں کبھی بھی جذبات میں بہہ کر فیصلے نہیں لیتا ہوں۔
اپنے بین الاقوامی کیریئر کو یاد کرتے ہوئے رونالڈو نے پرتگال کے لیے حاصل کی گئی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پرتگال کے لیے 3 بڑے خطاب جیتے ہیں۔ کرسٹیانو رونالڈو سے قبل پرتگال نے ایک بھی خطاب نہیں جیتا تھا۔ قومی ٹیم کا سب سے بڑا خطاب 2016 کی یورپی چمپئن شپ ہے اور سچ کہوں تو وہ میرے لیے عالمی کپ جیتنے جیسی بڑی کامیابی ہے۔ رونالڈو کی کپتانی میں پرتگال نے 2016 میں یورپی چمپئن شپ جیتی تھی۔ اس کے علاوہ 2019 اور 2025 میں ٹیم نے ’یو ای ایف اے‘ نیشنز لیگ کا خطاب بھی جیتا تھا۔ حالانکہ یورو کپ والے بیان سے اشارے مل رہے ہیں کہ وہ 2028 میں برطانیہ اور جمہوریہ آئرلینڈ کی میزبانی میں ہونے والا یورو کپ کھیل سکتے ہیں۔
عالمی کپ سے باہر ہونے کے فوراً بعد پرتگال کے ہیڈ کوچ رابرٹو مارٹنیز نے استعفی دے دیا ہے۔ اس فیصلے پر رونالڈو نے ان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے ان کے ساتھ کام کر کے بہت اچھا لگا۔ وہ شاندار کوچ اور بہترین انسان ہیں۔ انہوں نے پرتگال کے لیے جو کیا ہے، اس کے لیے ان کی ستائش ہونی چاہئے۔ میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ رونالڈو نے کہا ہے کہ کسی بڑے ٹورنامنٹ سے باہر ہونا ہمیشہ تکلیف دہ ہوتا ہے، یہ عالمی کپ تھا اور ہماری ٹیم مستقبل بہتر کارکردگی پیش کر رہی ہے۔ میری نظر میں ہم نے اچھا کھیلا ہے۔ میچ کوئی بھی رخ اختیار کر سکتا تھا، لیکن فٹبال ایسا ہی کھیل ہے۔ اب ہمیں خود کو سنبھال کر آگے بڑھنا ہوگا۔ کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب اس شکست کے ساتھ نامکمل رہ گیا ہے۔ اب دنیا کی نظر اس بات پر ہوگی کہ وہ بین الاقوامی فٹبال کھیلیں گے یا کچھ عرصے کے بعد اپنے مستقبل کے حوالے سے حتمی فیصلہ لیں گے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
