قطر کو فٹ بال عالمی کپ ٹورنا منٹ کی میزبانی دینے کے معاملہ میں پلاٹینی گرفتار

قطرسے کتنی رقم وصول پائی؟یورپی فٹ بال ایسوسی ایشن کے سابق سربراہ پلاٹینی گرفتار اور معاملہ کی تحقیقات جاری ہیں

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

یورپی فٹ بال ایسوسی ایشن ( یو ای ایف اے) کے سابق سربراہ مائیکل پلاٹینی کو فرانسیسی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے اور ان سے قطر کو فٹ بال عالمی کپ ٹورنا منٹ کی میزبانی دینے کے عمل میں مبیّنہ بدعنوانیوں کی تحقیقات کی جارہی ہے۔

فرانسیسی اخبار لی موندے اور تحقیقاتی ویب گاہ میڈیا پارٹ نے منگل کے روز مائیکل پلاٹینی کی گرفتاری اور ان سے پوچھ تاچھ کی اطلاع دی ہے۔

فرانسیسی پراسیکیوٹر اور تفتیش کار قطر کو 2022ء میں ہونے والے فیفا عالمی کپ فٹ بال ٹورنا منٹ کی میزبانی دینے کے عمل میں بدعنوانی اور رشوت ستانی کی کارفرمائی کی تحقیقات کررہے ہیں۔

63 سالہ پلاٹینی 2015ء تک یو ای ایف اے کے سربراہ رہے تھے ۔اس کے بعد ان پر تنظیم کی اخلاقیات کی خلاف ورزی کے الزام میں چار سال تک پابندی عاید کردی گئی تھی۔ان پر فٹ بال کی عالمی فیڈریشن ایسوسی ایشن ( فیفا)کے سابق صدر سیپ بلاٹر سے بیس لاکھ سوئس فرانک وصول کرنے کا الزام تھا۔پلاٹینی فرانس کی فٹ بال ٹیم کے سابق قومی کھلاڑی رہے تھے۔

ویب گاہ میڈیا پارٹ کے مطابق سابق فرانسیسی صدر نیکولا سارکوزی کے دور میں ایلزے محل کے سابق سیکریٹری جنرل کلاڈ گوئنت سے بھی ’’آزاد مشتبہ شخص ‘‘کے طور پر پوچھ تاچھ کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */