میسی نے ’فیفا عالمی کپ‘ کی تاریخ میں لگائی اپنی پہلی ہیٹ ٹرک، ایک عالمی ریکارڈ بھی کیا قائم
ارجنٹائنا کے مایہ ناز کھلاڑی میسی نے فیفا عالمی کپ 2026 کے اپنے پہلے ہی مقابلے میں تاریخ رقم کر دی ہے۔ انھوں نے عالمی کپ کی تاریخ میں اپنی پہلی ہیٹ ٹرک لگا دی ہے۔

’فیفا عالمی کپ 2026‘ ٹورنامنٹ اپنے ابتدائی مرحلہ میں ہی فٹبال شائقین کو دلچسپ لمحے فراہم کرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ چند روز میں ہی کچھ بڑے الٹ پھیر بھی دیکھنے کو مل گئے ہیں اور میدان پر کچھ ٹیموں نے اپنے حریفوں کو سخت ٹکر دے کر ظاہر کر دیا ہے کہ آنے والے میچ دلچسپی سے خالی نہیں رہیں گے۔ اس درمیان ارجنٹائنا کے مایہ ناز کھلاڑی میسی نے فیفا عالمی کپ 2026 کے اپنے پہلے ہی مقابلے میں تاریخ رقم کر دی ہے۔ انھوں نے عالمی کپ کی تاریخ میں اپنی پہلی ہیٹ ٹرک لگا دی ہے۔ میسی نے یہ کامیابی الجیریا کے خلاف مقابلے میں حاسل کی۔ اس ہیٹ ٹرک کے ساتھ ہی میسی نے عالمی ریکارڈ کی بھی برابری کر لی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ لیونل میسی آج اپنا 200واں میچ کھیل رہے تھے، جسے انھوں نے یادگار بنا دیا۔ الجیریا کے خلاف پہلے میچ میں میسی نے اپنے ہیٹ ٹرک لگانے کی ابتدا میچ کے سترہویں منٹ سے کی۔ یہ وہ وقت تھا جب انھوں نے اپنا پہلا گول داغا۔ پہلا ہاف میسی کے اس گول کے ساتھ ہی ختم ہوا۔ دوسرا ہاف جب شروع ہوا تو ارجنٹائنا کی 0-1 کی سبقت کو 0-2 میں تبدیل ہونے میں میسی نے زیادہ وقت نہیں لگایا۔ انھوں نے 60ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کیا۔ اس کے بعد تیسرا گول میسی نے اس انداز میں داغا کہ لگا جیسے سچ میں کوئی جادو ہو گیا ہو۔ میسی نے الجیریا کے ڈیفنس کو پوری طرح سے ناکارہ بنا کر یہ گول کیا اور اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔
فیفا عالمی کپ میں یہ میسی کی پہلی ہیٹ ٹرک ہے۔ اس کے علاوہ یہ ان کے بین الاقوامی کیریئر کی 11ویں ہیٹ ٹرک رہی۔ اس ہیٹ ٹرک کےس اتھ انھوں نے فیفا عالمی کپ میں سب سے زیادہ 16 گول داغنے کے جرمنی کے میراسلوف کلوز کے ریکارڈ کی بھی برابری کر لی ہے۔ یعنی فیفا عالمی کپ میں اب میسی کے بھی 16 گول ہو چکے ہیں۔ ابھی تو میسی نے فیفا عالمی کپ 2026 میں اپنا پہلا ہی میچ کھیلا ہے، آگے نہ صرف کلوز کا ریکارڈ ٹوٹے گا بلکہ ایک نیا ریکارڈ بھی بنتا ہوا نظر آئے گا۔
فیفا عالمی کپ 2026 میں میسی نے تاریخ رقم کرنے کا آغاز تو میدان میں اترتے کے ساتھ ہی کر دیا تھا۔ ایسا اس لیے کیونکہ میدان پر اترتے ہی وہ سب سے زیادہ 6 فیفا عالمی کپ کھیلنے والے دنیا کے پہلے فٹبال بن گئے۔ اب میسی کے شائقین امید لگا رہے ہیں کہ وہ اس ٹورنامنٹ کو اپنے لیے مزید یادگار بنانے کے لیے آئندہ میچوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور گولز کی جھری لگا دیں گے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
