میراڈونا کی مشہور ’ہینڈ آف گاڈ‘ والی گیند نیلامی کے دوران 33 لاکھ ڈالر میں فروخت

’ہینڈ آف گاڈ‘ فیفا عالمی کپ کی تاریخ کے سب سے زیادہ زیر بحث واقعات میں سے ایک ہے، اور اب اس کی ایک اہم یادگار فٹبال کے ایک شائق کو گیند کی شکل میں اپنے گھر لے جانے کا موقع ملا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>میراڈونا کے متنازعہ ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول والی گیند ہوئی نیلام، سوشل میڈیا</p></div>
i

1986 کے میکسیکو عالمی کپ میں انگلینڈ کے خلاف ڈیاگو میراڈونا کا کیا گیا ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول کھیل کی سب سے تلخ بین الاقوامی یادوں میں ہمیشہ کے لیے نقش ہو چکا ہے، اور وہ گیند، جسے ارجنٹائنا کے اس عظیم کھلاڑی نے ایزٹیکا اسٹیڈیم میں پیٹر شلٹن کے اوپر ہاتھ سے پہنچایا تھا، اب امریکہ میں ہونے والی ایک نیلامی میں 33 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اس متنازعہ گول کے بعد میراڈونا نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’’یہ گول تھوڑا میراڈونا کے سر سے اور تھوڑا ’ہینڈ آف گاڈ‘ (خدا کے ہاتھ‘ سے ہوا تھا۔‘‘ حالانکہ کوارٹر فائنل میں ارجنٹائنا کی 2-1 کی فتح کے دوران کیے گئے دوسرے گول پر ایسا کوئی تنازعہ نہیں ہوا، جو کہ اسی گیند سے کیا گیا تھا۔ اس گول میں انہوں نے انگلینڈ کے 5 دفاعی کھلاڑیوں کو ڈربل کرتے ہوئے گول کیپر شلٹن کو شکست دی تھی۔ اس گول کو ’گول آف دی سنچری‘ قرار دیا گیا تھا۔


بہرحال، میڈیا رپورٹس کے طمابق ’ہینڈ آف گاڈ‘ والی گیند کو ہفتہ کے آخر میں ’ہیریٹیج آکشنز‘ میں نیلامی کے لیے پیش کیا گیا۔ خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق ہیریٹیج کے ماہر نیلام کنندہ مائک پروونزالے نے کہا کہ ’’یہ واقعی اپنی نوعیت کی واحد چیز ہے۔ ممکنہ طور پر یہ فٹ بال کی دنیا میں موجود سب سے اہم یادگاری شے ہے۔‘‘ اس نیلامی سے متعلق ’دی نیویارک ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بولی 25 لاکھ ڈالر سے شروع ہوئی تھی، لیکن حتمی قیمت ہیریٹیج کی جانب سے گیند کے لیے مقرر کیے گئے 1 کروڑ ڈالر کے تخمینے سے کافی کم رہی۔

واضح رہے کہ ’ایڈیڈاس ایزٹیکا‘ گیند 2022 تک تیونس کے ریفری علی بن ناصر کے پاس تھی، جنہوں نے اس میچ میں امپائرنگ کی تھی۔ انہوں نے 2022 میں اسے 23.7 لاکھ ڈالر میں فروخت کر دیا تھا۔ 2023 میں انہوں نے ایک خط پر دستخط کر کے تصدیق کی تھی کہ یہ اس میچ میں استعمال ہونے والی واحد گیند تھی۔ بی بی سی اسپورٹس کے مطابق اس کے اگلے مالک نے بھی 2023 میں اسے نیلامی کے لیے پیش کیا تھا، لیکن مقررہ کم از کم قیمت تک بولی نہ پہنچنے کے باعث یہ فروخت نہیں ہو سکی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ میراڈونا نے اس میچ کے دوران جو شرٹ پہنی تھی، وہ نومبر 2020 میں انتقال کر جانے والے اس عظیم کھلاڑی کی یادگار کے طور پر 2022 میں تقریباً 93 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی تھی۔