فیفا عالمی کپ 2026: پنالٹی شوٹ آؤٹ نے جرمنی اور نیدرلینڈز کو ٹورنامنٹ سے کیا باہر، سبھی حیران

پراگوے نے 4 بار کا عالمی چمپئن جرمنی کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 3-4 سے شکست دی، جبکہ مراقش نے نیدرلینڈز کی ٹیم کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ہی 2-3 سے ہرا دیا۔

<div class="paragraphs"><p>فتح کے بعد جشن مناتی ہوئی پیراگوے کی ٹیم</p></div>
i

’فیفا عالمی کپ 2026‘ کے راؤنڈ آف 32 میں انیسواں دن فٹ بال شائقین کے لیے یادگار بھی رہا اور حیران کر دینے والا بھی۔ محض 8 گھنٹوں کے اندر 2 ناک آؤٹ مقابلوں کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ہوا، جس میں 4 بار کی عالمی چمپئن جرمنی کو پراگوے نے اور نیدرلینڈز کو مراقش نے شکست دے کر سبھی کو حیرت زدہ کر دیا۔ برازیل کے لیے راؤنڈ آف 32 کا میچ اچھا رہا، کیونکہ انجری ٹائم میں گیبریل مارٹینیلی کی گول کے سبب ایک مشکل فتح ہاتھ لگی۔ اس گول کی بدولت برازیل نے جاپان کو 1-2 سے شکست دے کر راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنائی۔ آئیے ان تینوں مقابلوں پر سرسری نظر ڈالیں۔

پراگوے بمقابلہ جرمنی:

بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلہ میں پراگوے نے 4 بار کی عالمی چمپئن جرمنی کو 120 منٹ تک 1-1 کی برابری کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 3-4 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ جولیو انسیسو نے پہلے ہاف میں شاندار ہیڈر سے پراگوے کو سبقت دلائی، جبکہ دوسرے ہاف میں فلورین ورٹز کے کراس پر کائی ہیورٹز نے ہیڈر کے ذریعہ جرمنی کی برابری کرا دی۔ اضافی وقت میں جوناتھن تاہ کا گول فاؤل کے سبب رد ہو گیا اور مقابلہ پنالٹی تک پہنچا۔ شوٹ آؤٹ میں گول کیپر آرلینڈو گل نے 2 پنالٹی بچائیں، جبکہ جوس کنالے نے نتیجہ خیز پنالٹی گول میں بدل کر پراگوے کو راؤنڈ آف 16 کا ٹکٹ دلا دیا۔


مراقش بمقابلہ نیدرلینڈز:

راؤنڈ آف 32 کے ایک دیگر مقابلہ میں ورجل وان ڈائک کی کپتانی والی نیدرلینڈز ٹیم کا سامنا اشرف حکیمی کی قیادت والی مراقش ٹیم سے ایسٹاڈیو بی بی وی اے، گواڈالوپ میں ہوا۔ فل ٹائم کے بعد اسکور 1-1 سے برابر رہا تھا، جس کے بعد 30 منٹ کے ایکسٹرا ٹائم میں بھی کوئی گول نہیں ہو سکا اور اسکور 1-1 سے برابر رہ گیا۔ اس کے بعد نتیجہ پنالٹی شوٹ آؤٹ سے کیا گیا، جہاں مراقش نے نیدرلینڈز کو 2-3 سے شکست دے کر راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنا لی۔

برازیل بمقابلہ جاپان:

ہیوسٹن اسٹیڈیم میں برازیل اور جاپان کے درمیان ایک سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ 29ویں منٹ میں کائشو سانو نے شاندار گول کر جاپان کو سبقت دلا دی تھی۔ اس کے بعد برازیل نے لگاتار دباؤ بنایا اور 56ویں منٹ میں کاسیمیرو نے گیبریل ماگال ہائس کے بہترین کراس پر ہیڈر سے برابری کر دی۔ ونیسیس جونیئر کی ایک شاندار کوشش پوسٹ سے ٹکرا گئی اور جاپانی گول کیپر زاین سوزوکی نے کئی بہترین دفاع کیے۔ جب مقابلہ اضافی وقت کی طرف بڑھتا نظر آ رہا تھا، تبھی 95ویں منٹ میں برونو گیماریس کے پاس پر گیبریل مارٹینیلی نے گول داغ کر برازیل کو 1-2 سے فتح دلا دی۔ اب برازیل راؤنڈ آف 16 میں کوٹ ڈی آئیور اور ناروے کے درمیان ہونے والے مقابلہ کی فاتح ٹیم سے نبرد آزما ہوگا۔