فیفا عالمی کپ 2026: ایمباپے نے تاریخ رقم کر فرانس کو دلائی فتح، میکسیکو 40 سال بعد ناک آؤٹ مقابلہ جیتنے میں کامیاب
فرانس اور میکسیکو کے ساتھ ساتھ ناروے نے بھی راؤنڈ آف 16 میں اپنی جگہ پختہ کر لی ہے۔ ناروے نے آئیوری کوسٹ کو 1-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کا راستہ دکھایا۔

فیفا عالمی کپ 2026 کے ناک آؤٹ مقابلوں میں سپر اسٹار کھلاڑیوں کا جادو مسلسل دیکھنے کو مل رہا ہے۔ 20ویں دن ’راؤنڈ آف 32‘ میں کیلیان ایمباپے اور ایرلنگ ہالینڈ ایک بار پھر اپنی اپنی ٹیموں کے لیے میچ ونر ثابت ہوئے۔ فرانس نے سویڈن کو 3-0 سے شکست دے کر آخری 16 میں جگہ بنائی، جبکہ ناروے نے آئیوری کوسٹ کو 2-1 سے ہرا کر 1998 کے بعد پہلی بار عالمی کپ کے ’راؤنڈ آف 16‘ میں رسائی حاصل کی۔ دوسری جانب میزبان میکسیکو نے ایکواڈور کو 2-0 سے شکست دے کر 1986 کے بعد پہلی بار عالمی کپ کا ناک آؤٹ مقابلہ جیتا اور 40 سال کا انتظار ختم کرتے ہوئے آخری 16 کا ٹکٹ بھی کٹا لیا۔
فرانس بمقابلہ سویڈن:
فرانس نے آج میچ کے آغاز ہی سے سویڈن پر دباؤ بنا دیا تھا۔ پہلے ہاف میں کئی مواقع ضائع کرنے کے بعد ہاف ٹائم سے عین قبل کیلیان ایمباپے نے شاندار گول کر کے فرانس کو برتری دلائی۔ دوسرے ہاف میں مائیکل اولیسے کے بہترین پاس پر بریڈلی بارکولا نے اسکور 2-0 کر دیا۔ اس کے بعد 74ویں منٹ میں ایمباپے نے اپنا دوسرا گول داغ کر مقابلہ مکمل طور پر فرانس کے نام کر دیا۔ اس ڈبل گول کے ساتھ عالمی کپ میں ایمباپے کے مجموعی گولوں کی تعداد 18 ہو گئی۔ وہ اب عالمی کپ کی تاریخ میں دوسرے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں اور لیونل میسی سے صرف ایک گول پیچھے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ناک آؤٹ مرحلہ میں 10 گول کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔ اب ’راؤنڈ آف 16‘ میں فرانس کا مقابلہ پیراگوئے سے ہوگا۔
ناروے بمقابلہ آئیوری کوسٹ:
دوسرے مقابلے میں ناروے نے آئیوری کوسٹ کو 2-1 سے شکست دے کر عالمی کپ کے آخری 16 میں جگہ بنائی۔ ناروے نے 39ویں منٹ میں انتونیو نوسا کے شاندار گول سے برتری حاصل کی۔ تاہم دوسرے ہاف میں اماد دیالو نے انفرادی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور برابر کر دیا اور مقابلہ دلچسپ بنا دیا۔ 86ویں منٹ میں ہالینڈ نے پیٹرک برگ کے لو کراس پر قریب سے گول کر کے ناروے کو تاریخی فتح دلا دی۔ یہ موجودہ عالمی کپ میں ہالینڈ کا پانچواں اور بین الاقوامی کیریئر کا 60واں گول تھا۔ خاص بات یہ ہے کہ وہ اپنے پہلے ہی عالمی کپ کے ابتدائی 3 میچوں میں مسلسل گول کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں۔ اب آخری 16 میں ناروے کا مقابلہ برازیل سے ہوگا۔
میکسیکو بمقابلہ ایکواڈور:
میکسیکو نے بالآخر 40 برس سے جاری فیفا عالمی کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں فتح کا انتظار ختم کر دیا۔ ایل ٹرائی نے راؤنڈ آف 32 میں ایکواڈور کو 2-0 سے شکست دے کر 1986 کے بعد پہلی بار عالمی کپ کے ناک آؤٹ مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔ آخری بار میکسیکو نے 1986 کے عالمی کپ میں بلغاریہ کو 2-0 سے ہرا کر ناک آؤٹ میچ جیتا تھا۔ اتفاق سے وہ مقابلہ بھی میکسیکو سٹی اسٹیڈیم میں ہی کھیلا گیا تھا اور موجودہ کوچ خاویئر اگیری اُس وقت ٹیم کے مڈفیلڈر تھے۔ اس کے بعد 1994، 2002، 2006، 2010، 2014، 2018 اور 2022 کے عالمی کپ میں میکسیکو ہر بار ناک آؤٹ مرحلے سے باہر ہو گیا تھا۔ اب 2026 میں اپنی سرزمین پر ٹیم نے بالآخر اس طویل انتظار کا خاتمہ کر دیا ہے۔ جولین کوئینونیس نے 22ویں منٹ میں پہلا گول کیا، جبکہ راؤل خیمنیز نے 31ویں منٹ میں برتری دگنی کر دی۔ یہ دونوں کھلاڑی میچ کے ہیرو رہے۔ ایکواڈور کے خلاف اس فتح کے ساتھ میکسیکو نے نہ صرف راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنائی بلکہ 4 دہائیوں پرانے ناک آؤٹ فتح کے انتظار کا بھی خاتمہ کر دیا۔ اب اس کا اگلا مقابلہ انگلینڈ اور ڈی آر کانگو کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
