فیفا ورلڈ کپ 2026: ناک آؤٹ میں مصر کی پہلی جیت کے بعد فلسطینی پرچم لہراتے نظر آئے ہیڈ کوچ حسام حسن
مصر کے ہیڈ کوچ حسام حسن نے کہا کہ ’’میں یہ جیت مصر اور فلسطین دونوں کے عوام کو وقف کرتا ہوں۔ وہ رحم دل اور عزت دار لوگ ہیں۔ اللہ ان کے شہداء پر رحم کرے اور انہیں ہمت و طاقت دے۔‘‘

مصر نے آسٹریلیا کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کے آخری 16 میں جگہ بنائی۔ ٹیم کی اس تاریخی جیت کے بعد ہیڈ کوچ حسام حسن فلسطینی جھنڈا لہراتے ہوئے نظر آئے، اور انہوں نے یہ کامیابی فلسطینی عوام کے نام منسوب کی۔ واضح رہے کہ ڈلاس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے راؤنڈ آف 32 کے مقابلے میں مصر نے آسٹریلیا کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے شکست دے کر راؤنڈ آف 16 کا ٹکٹ حاصل کر لیا۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ مصر کی پہلی ناک آؤٹ جیت تھی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی مصر ان چنندہ افریقی ٹیموں میں شامل ہو گیا ہے جنہوں نے ورلڈ کپ کا کوئی مقابلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ میں جیتا ہے۔ اس سے قبل مراکش نے 2022 کے ورلڈ کپ میں پینلٹی شوٹ آؤٹ میں تاریخی جیت درج کی تھی۔
میچ ختم ہونے کے بعد حسام حسن میدان پر مصر اور فلسطین دونوں کے جھنڈے لے کر پہنچے۔ اسٹیڈیم میں موجود کئی شائقین نے ‘فری فلسطین‘ کے نعرے بھی لگائے۔ حسن نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ جیت صرف مصر کے لیے نہیں، بلکہ فلسطین کے عوام کے لیے بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں یہ جیت مصر اور فلسطین دونوں کے عوام کو وقف کرتا ہوں۔ وہ رحم دل اور عزت دار لوگ ہیں۔ اللہ ان کے شہداء پر رحم کرے اور انہیں ہمت و طاقت دے۔‘‘
اس سے قبل مقابلہ بے حد سنسنی خیز رہا۔ میچ کے 13ویں منٹ میں امام عاشور نے مصر کو 1-0 کی برتری دلائی۔ انہوں نے کریم حافظ کے کراس پر شاندار ہیڈر لگاتے ہوئے میچ کا پہلا گول داغا۔ حالانکہ دوسرے ہاف میں میچ کے 55ویں منٹ میں ایڈن او نیل کی فری کک کو کلیئر کرنے کی کوشش میں مصر کے ڈیفنڈر محمد ہانی نے غلطی سے اپنے ہی گول میں گیند پہنچا دی جس سے اسکور 1-1 سے برابر ہو گیا۔
قابل ذکر ہے کہ 90 منٹ تک اسکور برابر رہنے کے بعد مقابلہ اضافی وقت میں پہنچا، لیکن یہاں بھی کسی بھی ٹیم کو گول کرنے میں کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔ اس کے بعد پینلٹی شوٹ آؤٹ میں مصر نے اپنی چاروں کوششوں پر گیند کو گول پوسٹ کے اندر پہنچایا، جبکہ آسٹریلیا کی 2 کوششیں ناکام رہیں اور مصر 4-2 سے پینلٹی شوٹ آؤٹ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔ راؤنڈ آف 16 کے مقابلے میں مصر کا مقابلہ اب 7 جولائی کو ارجنٹینا سے ہوگا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
