فیفا ورلڈ کپ 2026: برازیل نے اسکاٹ لینڈ کو 3-0 سے شکست دے کر ناک آؤٹ میں بنائی جگہ

برازیل نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل دکھایا اور اسکاٹ لینڈ پر مسلسل دباؤ بنائے رکھا۔ میچ کے چھٹے منٹ میں ہی برازیل نے 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

برازیل نے شاندار کارکرگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کو 3-0 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں اپنی جگہ پکی کر لی۔ میامی کے ہارڈ راک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں اسٹار کھلاڑی وینیسیئس جونیئر نے 2 گول کیے، جبکہ میتھیس کنہا نے ایک گول کیا۔ اس مقابلے میں نیمار کی طویل عرصے بعد برازیل کی ٹیم میں واپسی ہوئی۔ برازیل نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل دکھایا اور اسکاٹ لینڈ پر مسلسل دباؤ بنائے رکھا۔ میچ کے چھٹے منٹ میں ہی برازیل نے 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

اسکاٹ لینڈ کے ڈیفنس سے ہوئی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وینیسیئس جونیئر نے شاندار گول داغا۔ وینیسیئس نے ٹورنامنٹ کا اپنا چوتھا گول کیا اور وہ اس گول کے ساتھ ہی گولڈن بوٹ کی ریس میں شامل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کلین ایمباپے اور ایرلنگ ہالینڈ کی برابری کر لی ہے۔ پہلے گول کے بعد بھی برازیل کا دبدبہ جاری رہا۔ وینیسیئس نے ایک اور گول کیا تھا، لیکن ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (وی اے آر) کی جانچ کے بعد اسے فاؤل قرار دیتے ہوئے منسوخ کر دیا گیا۔ حالانکہ پہلے ہاف کے اضافی وقت میں وینیسیئس نے ہاتھ آئے موقع کا فائدہ اٹھایا اور برازیل کو میچ میں 2-0 سے آگے کر دیا۔ برونو گمارائش کے بہترین کراس پر وینیسیئس نے شاندار ہیڈر مارتے ہوئے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچایا۔


واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ نے میچ میں واپسی کرنے کی کئی بار کوشش کی، لیکن وہ برازیل کے مضبوط ڈیفنس کو نہ توڑ سکا۔ برازیل کا تیسرا گول میتھیس کنہا نے کیا۔ برونو گمارائش کے بہترین پاس پر کنہا نے شاندار فنش کرتے ہوئے ٹیم کی برتری 3-0 کر دی۔ اس گول نے برازیل کی جیت پر مہر لگانے کا کام کیا۔ 3-0 کی برتری حاصل کرنے کے بعد نیمار برازیل کی جرسی میں میدان پر اترے۔ نیمار پوری طرح سے فٹ اور اچھی فارم میں نظر آئے۔ اس جیت کے ساتھ ہی برازیل نے راؤنڈ آف 32 میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ ٹیم گروپ سی میں پہلے مقام پر رہی اور اب 30 جون کو برازیل کا مقابلہ گروپ ایف کی رنر اپ ٹیم سے ہوگا۔