فیفا ورلڈ کپ 2026: برازیل نے ہیٹی کو 3-0 سے شکست دے دی، میتھیوس کونیا نے 2 گول کیے

مراکش کے خلاف 1-1 سے میچ ڈرا ہونے کے بعد برازیل کی کارکردگی پر کئی طرح کے سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔ حالانکہ برازیل نے ہیٹی کے خلاف اس شاندار کارکردگی کے ذریعے اپنے ناقدین کو کرارا جواب دیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ سی کے ایک مقابلے میں برازیل نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹی کو 3-0  سے شکست دے دی۔ فلاڈلفیا اسٹیڈیم میں برازیل کی اس جیت کے ہیرو میتھیوس کونیا رہے، جنہوں نے میچ میں 2 شاندار گول داغے۔ اس فتح کے ساتھ ہی، گول کے فرق کی بنیاد پر برازیل نے گروپ سی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ مراکش کے خلاف 1-1 سے میچ ڈرا ہونے کے بعد ٹیم کی کارکردگی پر کئی طرح کے سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔ حالانکہ برازیل نے ہیٹی کے خلاف اس شاندار کارکردگی کے ذریعے اپنے ناقدین کو کرارا جواب دیا ہے۔

میچ کے آغاز سے ہی برازیل نے کھیل پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا۔ میتھیوس کونیا نے اپنے پہلے ورلڈ کپ میچ کی شروعات کو انتہائی یادگار بنا دیا۔ انہوں نے مسلسل بہترین مواقع بنائیں اور ٹیم کے اٹیک کو مضبوط کیا۔ ان کے ساتھ ونیشیس جونیئر اور رافینہا کی کارکردگی بھی شاندار رہی۔ برازیل کے لیے میچ کا پہلا گول 23 ویں منٹ میں آیا، جب ہیٹی کے گول کیپر جانی پلاسائیڈ ونیشیس جونیئر کا شاٹ روکنے میں تو کامیاب رہے، لیکن اس کے بعد ہینس ڈیلکروئکس کا کلیئرنس شاٹ کونیا سے ٹکرا کر گول پوسٹ میں چلا گیا۔


پہلے ہاف کے اختتام سے 9 منٹ قبل کونیا نے برازیل کو برتری دلا دی۔ ونیشیس جونیئر سے ملنے والے بہترین پاس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کونیا نے باکس کے کونے سے زوردار شاٹ لگایا اور گیند کو گول پوسٹ کے ٹاپ کارنر میں پہنچا دیا۔ اس کے بعد پہلے ہاف کے اسٹاپج ٹائم میں ونیشیس جونیئر نے برازیل کے لیے میچ کا تیسرا گول داغ دیا۔ اس گول کے ساتھ ہی برازیل نے پہلے ہاف کا اختتام 3-0 کے اسکور پر کیا۔

دوسرے ہاف میں ہیٹی نے واپسی کی کئی بار کوشش کی، لیکن برازیل کے مضبوط ڈیفنس نے انہیں کوئی موقع نہیں دیا۔ ریکارڈو ایڈے نے کارنر پر اونچی چھلانگ لگا کر ہیڈر لگایا، لیکن برازیل کے گول کیپر ایلیسن نے شاندار بچاؤ کیا۔ میچ کے آخری لمحات میں برازیل کے نوجوان کھلاڑی اینڈرک نے گول کیا، لیکن اسے آف سائیڈ قرار دیا گیا۔ مسلسل دوسری شکست کے ساتھ ہی ہیٹی فیفا ورلڈ کپ 2026 کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔