اسپین اور انگلینڈ کے درمیان انڈر17 عالمی کپ کی خطابی جنگ

اسپین جیتے یا انگلینڈ دنیا کو 17سال سے کم عمرکھلاڑیوں کا نیا عالمی چمپیئن ملے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل میچ کولکاتہ کےسالٹ لیک اسٹیڈیم میں ہفتہ (28 اکتوبر) کو کھیلا جائے گا

Getty Images
Getty Images
user

سید پرویز قیصر

انگلینڈ کی ٹیم نے سیمی فائنل میں برازیل کو3-1 سے شکست دیکر پہلی مرتبہ 17سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے عالمی کپ کے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ اس سے قبل اسکی سب سے اچھی کارکردیگی کوارٹر فائنل میں داخلہ تھی۔ اسپین نے سیمی فائنل میں مالی کو3-1 سے ہرانے کے بعد چوتھی مرتبہ فائنل میں داخلہ حاصل کیا ہے۔ اس نے اس سے قبل تین مرتبہ خطابی جنگ کے لئے جگہ حاصل کی تھی مگر ہر مرتبہ اسے شکست ہوئی تھی۔ اس نے پہلی مرتبہ1991 میں اٹلی میں ہوئے عالمی کپ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی جہاں اسے گھانا نے 1–0 سے ہرایا تھا۔2003 میں فن لینڈ میں ہوئے عالمی کپ کے فائنل برازیل نے اسپین کے خلاف 1–0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اسپین کو فائنل میں تیسری شکست2007 میں جنوبی کوریا میں ہوئے عالمی کپ میں ملی تھی۔اس مربتہ نائجریا نے اسے پنالٹی ککوں کے ذریعے3–0 سے ہرایا تھا۔ مقررہ وقت اور فاضل وقت کے بعد کوئی بھی ٹیم گول نہیں کرسکی تھی۔

یہ پہلا موقع ہے جب 17سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے عالمی کپ کے فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں کا تعلق یورپ سے ہے۔ ایسا ابھی تک تین مرتبہ ہواہے جب ایک ہی براعظم سے تعلق رکھنے والی دونوں ٹیمیں فائنل میں کھیلنے کی حقدار بنی ہیں۔ اس سے پہلے 1993 میں جاپان میں ہوئے 17سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے عالمی کپ کے فائنل میںنائجریااور گھانا نے داخلہ حاصل کیا تھا اورنائجریااور گھانا کو2–1 سے شکست دی تھی۔ افریقہ سے تعلق رکھنے والی دو ٹیمیں دو سال قبل چلی میں ہوئے عالمی کپ کے فائنل میں پہنچی تھیں ْتب نائجریا نے مالی کے خلاف2–0 سے کامیابی حاصل کی تھی اور پانچویں مرتبہ 17سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے عالمی کپ جیتا تھا۔

اس مرتبہ دنیا کو17سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے عالمی کپ کا نیا چمپیئن ملے گا ۔ ابھی تک جو سولہ ٹورنامنٹ ہوئے ہیں اس میں نائجریا نے پانچ مرتبہ خطاب جتیا ہے۔برازیل نے تین مرتبہ عالمی کپ پر قبضہ کیا ہے جبکہ گھانا اورمیکسکو نے دو دو مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ سوویت یونین، سعودی عرب،فرانس اور سوئٹزرلینڈ نے ایک ایک مرتبہ 17سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے عالمی چمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

اسپین اور انگلینڈ کے درمیان مئی میں 17سال سے کم عمر کھلاڑیوں کا یورپین کپ کا فائنل بھی ہوا تھا جس میں اسپین نے انگلینڈ کو پنالٹی شوٹ آوٹ میںشکست دی تھی۔ یہ دونوں کے درمیان تیسرا مقابلہ تھا۔2007 میں اسپین نے انگلینڈ کو شکست دی تھی جبکہ تین سال بعد انگلینڈ نے اسپین کو شکست دی تھی۔ انگلینڈ کی ٹئم کو تین شیروں کے نام سے بھی جانا جاتا ہے جبکہ اسپین لا روجیتا نام سے مشہور ہے۔17سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے عالمی کپ کا نویں فاتح کا پتہ فائنل کے بعدچل جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Oct 2017, 10:05 PM