جواں سال فٹبالر جیڈن ایڈمس کے بعد اب فیفا عالمی کپ سے ہٹائے گئے 38 سالہ ریفری ڈیپرنک کی اچانک موت

رپورٹس کے مطابق عالمی کپ 2026 کی وی اے آر ٹیم سے باہر کیے جانے پر ڈیپرنک بہت مایوس تھے۔ اب ان کے قبل از وقت انتقال کی خبر نے فٹبال کی دنیا کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فٹبال ریفری ڈیپرنک، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/KNVB">@KNVB</a></p></div>
i

’فیفا عالمی کپ 2026‘ کے دوران فٹبال کی دنیا کو دوسری بڑی افسوسناک خبر نے جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ چند روز قبل ہی جنوبی افریقہ کے 25 سالہ مڈفیلڈر جیڈن ایڈمس کا اچانک انتقال ہو گیا تھا، جس کی پولیس اب بھی تحقیقات کر رہی ہے اور موت کی وجہ اب تک سامنے نہیں آ سکی ہے۔ ابھی فٹبال شائقین اس صدمے سے سنبھل بھی نہیں پائے تھے کہ فیفا عالمی کپ 2026 کی وی اے آر (ویڈیو اسسٹنٹ ریفری) ٹیم سے باہر کیے گئے نیدرلینڈز کے ریفری روب ڈیپرنک کے 38 سال کی عمر میں انتقال کی خبر سامنے آ گئی۔ ڈیپرنک کو عالمی کپ شروع ہونے سے پہلے ٹیم سے ہٹا دیا گیا تھا۔ تاہم، ان پر لگائے گئے سنگین الزامات بعد میں خاطر خواہ شواہد نہ ملنے کے باعث بند کر دیے گئے تھے۔ اب ان کی اچانک موت نے فٹبال کی دنیا میں غم کی ایک اور لہر دوڑا دی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ڈیپرنک کو عالمی کپ میں ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کی ذمہ داری سونپی جانی تھی، لیکن ٹورنامنٹ شروع ہونے سے تقریباً ایک ماہ قبل انہیں ٹیم سے ہٹا دیا گیا تھا۔ ان پر ایک نابالغ کے ساتھ جنسی استحصال کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ حالانکہ بعد میں خاطر خواہ شواہد نہ ملنے کے باعث یہ معاملہ بند کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق روب ڈیپرنک کا 38 سال کی عمر میں انتقال ہوا، لیکن ان کی موت کی وجہ فی الحال عوامی طور پر ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ ان کے انتقال کی تصدیق نیدرلینڈز فٹبال ایسوسی ایشن (کے این وی بی) نے ایک سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ کے این وی بی نے کہا کہ ’’ہم روب ڈیپرنک کے انتقال کی خبر سے صدمے میں ہیں اور انتہائی رنجیدہ ہیں۔ روب کی صورت میں ہم نے نہ صرف ایک انتہائی باوقار ریفری بلکہ ایک مخلص اور باوقار ساتھی سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔‘‘


عالمی فٹبال کی سب سے بڑی تنظیم فیفا نے بھی ڈیپرنک کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ادارہ نے ان کے اہل خانہ، دوستوں اور ڈچ فٹبال ایسوسی ایشن سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’پوری فٹبال برادری کی جانب سے ہم ان کے اہل خانہ، دوستوں اور ڈچ فٹبال ایسوسی ایشن کے ساتھ اپنی دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ اللہ ان کی روح کو سکون عطا فرمائے۔‘‘

واضح رہے کہ روب ڈیپرنک 2017 سے نیدرلینڈز کی اعلیٰ ترین فٹبال لیگ ایریڈیویزی میں ریفری کی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔ وہ یورو 2024 میں بھی وی اے آر اہلکار کے طور پر شامل رہے تھے۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق انہیں ’فیفا عالمی کپ 2026‘ کے لیے وی اے آر اہلکاروں کی فہرست میں منتخب کیا گیا تھا، لیکن بعد میں ان کا نام نکال دیا گیا۔ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے نابالغ کے جنسی استحصال کے الزامات کے ایک معاملے میں انہیں گرفتار کیا تھا۔ اسی تنازعہ کے باعث وہ عالمی کپ میں اپنی ذمہ داری ادا نہیں کر سکے۔


الزامات عائد ہونے کے بعد روب ڈیپرنک نے ڈچ اخبار ’ڈی ٹیلیگراف‘ سے گفتگو میں اپنی بے گناہی کا دعویٰ کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’مجھے اس بات کا بے حد افسوس ہے کہ مجھ پر جھوٹے الزامات لگائے گئے۔ ابتدا ہی سے میں نے پولیس کی تحقیقات میں مکمل تعاون کیا اور فوری طور پر فیفا، یوئیفا اور کے این وی بی کو بھی تمام معلومات فراہم کر دی تھیں۔‘‘ رپورٹس کے مطابق عالمی کپ 2026 کی وی اے آر ٹیم سے باہر کیے جانے پر ڈیپرنک بہت مایوس تھے۔ اب ان کے قبل از وقت انتقال کی خبر نے فٹبال کی دنیا کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔