سپر ہٹ فلم دینے والے ’یش جوہر‘ کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں

یش جوہر کو ایک دھن سوار تھی کہ وہ اپنی زندگی میں ایک کامیاب شخص بننا چاہتے ہیں اور اسی دھن نے ایک دن ان کو ایک کامیاب شخص بنا دیا ۔

تصویر سوشل میڈیا بشکریہ بالیوڈ ہنگامہ
تصویر سوشل میڈیا بشکریہ بالیوڈ ہنگامہ
user

یو این آئی

بالی وڈ کے پروڈیوسر یش جوہر کا نام شاید کسی تعارف کا محتاج نہیں۔’کبھی خوشی کبھی غم‘، ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ اور ’کل ہو نہ ہو‘ جیسی سپر ہٹ فلموں کے پروڈیوسر یش جوہر نے ساٹھ کے عشرے میں ایک فوٹوگرافر کی حیثیت سے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا اور مختلف ہدایتکاروں کے ساتھ ایک جونئیر کی حیثیت میں زینہ بہ زینہ آ گے بڑھتے گئے۔ یہی لگن اور کڑی محنت ایک دن رنگ لائی۔ معاون کے طور پر کام کرتے کرتے اپنے پیشہ میں اس قدر منجھ جانا بہت کم لوگ ہی کرپاتے ہیں۔ اس تجربہ کی بنیاد ہی انہوں نے 1976 میں دھرما پروڈکشن کے نام سے اپنا ادارہ قائم کیا اور سب سے پہلے ’دوستانہ‘ بنائی جو سپر ہٹ رہی۔ا س فلم میں امیتابھ بچن، شتروگھن سنہا اور بطور ہیروئن زینت امان نے کام کیا۔

یش جوہر 6 ستمبر 1929 کو لاہور کے پنجاب میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ہیرو جوہر سے شادی کی تھی جو نامور فلم ہدایت کار بی آرچوپڑا اور یش چوپڑا کی بہن تھیں۔ انہوں نے اپنے بالی ووڈ کیئریر کی شروعات سن 1952 میں سنیل دت پروڈکشن ہاؤس اجنتا آرٹ سے کی۔ یش جوہر نے فلم مجھے جینے دو اور یہ راستے ہیں پیار کے جیسی فلموں میں اسسٹنٹ کے طور پر کام کیا۔ یہی نہیں انہوں نے دیو آنند کی فلم گائیڈ میں بھی ان کابھرپور تعاون کیا ۔ اس فلم نے باکس آفس پر بہت شہرت حاصل کی تھی اور زبردست کمائی کی تھی۔یش جوہر کو ایک دھن سوار تھی کہ وہ اپنی زندگی میں ایک کامیاب شخص بننا چاہتے ہیں۔ بس اسی مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے انہوں نے بالی ووڈ میں اپنے وقت کے معروف اداکار دیوا ٓنند کے ساتھ مسلسل کام میں مصروف رہنے لگے۔ یش جوہر ، دیو آنند کی نوکیتن فلم سے جڑے رہے اور ان کے ساتھ جیول تھیف، پریم بجاری اور ہرے راما ہرے کرشنا جیسی فلموں میں ان کا تعاون کیا۔


اس وقت تک یش جوہر کو کام کا خاصہ تجربہ ہوگیا تھا ۔ انہوں نے 1976 میں دھرما پروڈکش کے نام سے اپنے بینر تلے فلم بنانا شروع کیا۔ انہوں نے راج کھوسلہ کی ہدایت میں سب سے پہلے فلم دوستانہ بنائی۔ جو باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی۔دھرما پروڈکشن نے 80 اور 90 کی دہائی میں اگنی پتھ ، گمراہ اور ڈپلی کیٹ جیسی فلمیں بنائیں۔

دھرما پروڈکشن کو 1998 میں ریلیز فلم کچھ کچھ ہوتا ہے کے لئے بہترین فلم قرار دیا گیا۔ یہ فلم ان کے صاحبزادے کرن جوہر نے بنائی تھی۔ اس فلم میں شاہ رخ، رانی مکھرجی، کاجول کے اہم کردار تھے ۔ اس فلم نے ملک میں ہی نہیں بلکہ غیر ممالک میں شہرت کے جھنڈے گاڑے۔ کرن جوہر نے اس فلم کو اس قدر بہترین انداز میں بنایا تھا کہ اس فلم کو 44 ویں سالانہ فلم فیئر ایواڑ میں بہترین فلم کا خطاب حاص ہوا۔ لکس زی سنی ایوارڈ، سانسوئی ویورس چوائس ایوارڈ ، بالی ووڈ مووی ایوارڈ اور نیشنل فلم ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔


اس فلم کی کامیابی کے بعد کرن جوہر نے کبھی خوشی کبھی غم جیسی شاندارفلم بناکر باکس آفس کے سارے ریکارڈ توڑ دئے۔ اس فلم نے ہندستان میں ہی نہیں بلکہ غیر ملکوں میں اپنی کامیابی کا پرچم بلند کیا اور یو کے میں ٹاپ فائیو فلموں میں شمار ہوئی۔

زندگی کی مشکلات سے کامیابی سے لڑنے والے یش جوہر کینسر جیسی موذی بیماری سے مات کھاگئے اور 26 جون کو اپنے آخری سفر پر روانہ ہوگئے۔ مگر جاتے ہوئے کرن جوہر کی شکل میں ایک جوہِر بالی وڈ کو دے گئے۔ ان کے نوجوان صاحبزادے کرن جوہر ایک کامیاب اسکرپٹ رائٹر اور ڈائریکٹر ہیں۔ اور بہت کم عمری میں ’کبھی خوشی کبھی غم‘ اور ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ جیسی فلموں کی ہدایت کاری کر چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔