مرزاپور معاملہ: فرحان اختر کے گھر پر ممبئی اور یوپی پولیس میں نوک جھونک، ہائی وولٹیج ڈرامہ

اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مرزا پور پولیس ممبئی کے کھار علاقہ میں فرحان اختر سے پوچھ گچھ کے لئے پہنچ گئی، اس پر ممبئی پولیس کے ساتھ اس کی کافی نوک جھونک ہوئی

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: اتر پردیش کے مرزا پور میں ویب سیریز ’مرزاپور‘ کے تخلیق کاروں کے خلاف درج معاملہ کی جانچ کرنے پہنچی یوپی پولیس کی ممبئی پولیس کے اہلکاروں سے نوک جھونک ہوئی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مرزا پور پولیس اداکار فراحان اختر کی رہائش پر ان سے پوچھ گچھ کے لئے پہنچی تھی۔ فرحان اختر مرزا پور ویب سیریز کے پروڈیوسر ہیں۔

مرزاپور جمعرات کے روز اندھری میں واقع کرائم برانچ ڈی سی پی کے دفتر پہنچی تھی لیکن ممبئی پولیس نے تعاون کرنے سے انکار کر دیا۔ اس کے بعد مرزاپور پولیس اندھیری سے نکل کر کھار علاقہ میں فرحان اختر سے پوچھ گچھ کرنے پہنچ گئی۔ اس کی اطلاع ممبئی پولیس کو موصول ہوئی اور کھار پولیس اسٹیشن کے اہلکار حرکت میں آ گئے۔


اس کے بعد فرحان اختر کے گھر پر ممبئی پولیس اور یوپی پولیس کی زبردست نوک جھونک ہوئی اور ہائی وولٹیج ڈرامہ نظر آیا۔ ممبئی پولیس کے اہلکاروں نے یوپی پولیس کے اہلکاروں سے کہا کہ وہ اصولوں پر عمل کرتے ہوئے باضابطہ طور پر اجازت لے کر آئیں اس کے بعد پوچھ گچھ کریں۔ اس ہنگامہ اور نوک جھونک کے بعد مرزا پور پولیس فرحان اختر کے گھر سے باہر نکلی۔

خیال رہے کہ ویب سیریز مرزا پور پر تنازعہ کے بعد اس معاملہ پر یوپی میں کیس درج ہونے کے بعد یوپی پولیس ممبئی میں پہنچی تھی۔ اروند چترویدی نامی شکایت کنندہ نے 17 جنوری کو ایف آئی آر درج کرائی ہے، جس میں ْویب سیریز کے ذریعے مرزا پور کی شبیہ، ایک خاص برادری کے جذبات کو مجروح کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں ویب سیریز کے پروڈیوسر رتیش سدھوانی، فرحان اختر، بھومیک گونڈالیا اور ایمیزون پرائم کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔