سوشانت سنگھ معاملہ: ریا کے بھائی کے کھاتے میں کروڑوں روپے ٹرانسفر ہونے کا انکشاف

سوشانت سنگھ راجپوت معاملہ میں ہر روز کوئی نیا انکشاف ہو رہا ہے اور معاملہ کی جانچ سی بی آئی کر رہی ہے، دوسری طرف منی لانڈرنگ کے شبہ کے پیش نظر ای ڈی کی طرف سے بھی جانچ کی جا رہی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: سوشانت سنگھ راجپوت معاملہ میں ہر روز کوئی نہ کوئی نیا انکشاف ہو رہا ہے اور معاملہ کی جانچ سی بی آئی کر رہی ہے اور دوسری طرف منی لانڈرنگ (لین دین کی ہیر پھیر) کے شبہ کے پیش نظر ای ڈی کی طرف سے بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ ریا چکرورتی اپنے بھائی شووک چکرورتی کے ساتھ جمعہ کے روز پوچھ گچھ کے لئے ای ڈی دفتر پہنچی تھی۔ اب نیا انکشاف ہوا ہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت کے کھاتہ سے شووک چکرورتی کے کھاتہ سے پیسے ٹرانسفر کئے گئے تھے۔

کئی میڈیا چینلوں میں شووک چکرورتی کا بینک اسٹیٹمنٹ بھی دکھایا جا رہا ہے، جس میں صاف نظر آ رہا ہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت نے شووک کے کھاتے میں کئی مرتبہ پیسے ٹرانسفر کئے ہیں۔ اگرچہ سوشانت کے کھاتہ سے کوئی بڑی رقم ٹرانسفر نہیں کی گئی ہے تاہم کئی ٹرانزیکشن کی گئی ہیں۔ مثلاً سوشانت کے کھاتے سے شووک کے کھاتے میں سب سے بڑا ٹرانسفر 40 ہزار روپے کا ہے جو 10 جون 2019 کو کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چھوڑی رقم کی بھی کئی ٹرانزیکشن نظر آ رہی ہیں۔


واضح رہے کہ جمعہ کے روز سوشانت سنگھ راجپوت کو مبینہ طور پر خود کشی کے لئے اکسانے کی ملزمہ اداکارہ ریا چکرورتی ای ڈی کی طرف سے درج منی لانڈرنگ معاملہ میں مرکزی ایجنسی کے سامنے پیش ہوئیں۔ ریا اپنے بھائی شووک چکررتی کے ساتھ ای ڈی دفتر پہنچی تھیں، پہلے شووک سے تقریباً 2 گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی۔ اس کے بعد ریا چکرورتی سے بھی 5 گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ کی گئی۔ ایجنسی کی طرف سے طلب کئے جانے پر ریا چکرورتی کی منیجر شروتی مودی بھی پیش ہوئیں۔ شروتی سوشانت کے لئے بھی کام کرتی تھی۔

افسران نے بتایا کہ ریا چکرورتی اور شروتی مودی کا بیان منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سوشانت کے دوست اور ان کے ساتھ رہنے والے سدھارتھ پیٹھانی کو بھی منی لانڈرنگ معاملہ میں ای ڈی نے ہفتہ کے روز طلب کیا ہے۔ پیٹھانی تاحال ممبئی سے باہر بتائے جا رہے ہیں۔ ٹی وی چینلوں کو دئے گئے انٹرویوز میں پیٹھانی کہہ چکے ہیں کہ 14 جون کو وہ سوشانت کے فلیٹ پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ 14 جون کو سوشانت نے مبینہ طور پر خود کشی کر لی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Aug 2020, 12:58 PM