سوشانت سنگھ معاملہ: میری موکل ہر طرح کی جانچ کا سامنا کرنے کو تیار، ریا کے وکیل کا بیان

ریا کے وکیل ستیش مانشندے نے کہا کہ ریا اب سی بی آئی کی جانچ کا بھی اسی طرح سے سامنا کرے گی جس طرح وہ ممبئی پولیس اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانچ کا سامنا کر چکی ہے۔

ریا چکرورتی, تصویر ٹوئٹر
ریا چکرورتی, تصویر ٹوئٹر
user

یو این آئی

ممبئی: بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ معاملہ میں سپریم کورٹ کے سی بی آئی جانچ کرانے کے فیصلہ کے بعد ریا چکرورتی کے وکیل کا رد عمل سامنے آیا ہے۔ ریا کے وکیل ستیش مانشندے نے کہا کہ ریا اب سی بی آئی کی جانچ کا بھی اسی طرح سے سامنا کرے گی جس طرح وہ ممبئی پولیس اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانچ کا سامنا کر چکی ہے۔

ریا کے وکیل ستیش مانشندے نے کہا کہ وہ (ریا) اپنے اس رخ پر قائم ہیں کہ جانچ چاہے کوئی بھی ایجنسی کرے، سچائی تبدیل نہیں ہوگی۔ ستیش نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کیس سے متعلقہ تمام حقائق، حالات اور ممبئی پولیس کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد پایا کہ انصاف اسی طرح مل سکے گا، چونکہ ریا چکرورتی نے خود بھی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا تھا۔


دو ریاستوں کے بیچ الجھے اس معاملہ پر جسٹس رشی کیش رائے کی بنچ نے مہاراشٹر حکومت کو جھٹکا دیتے ہوئے جانچ سی بی آئی کو سونپنے کا فیصلہ سنایا۔ جسٹس رائے نے 11 اگست کو عرضی پر سماعت مکمل کر لی تھی۔ یاد رہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت 14 جون کو ممبئی میں واقع اپنے فلیٹ پر مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔

عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں پٹنہ میں درج ایف آئی آر اور سی بی آئی جانچ کے لئے بہار حکومت کی کارروائی کو بھی صحیح ٹھہراتے ہوئے ممبئی پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ اب تک حاصل کیے گئے تمام ثبوت اور دستاویزات سی بی آئی کو سونپ دے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد مہاراشٹر حکومت نے جانچ سی بی آئی کو ٹرانسفر کرنے کے فیصلے کو چیلنج کرنے کی اجازت مانگی ہے۔ جس سے سپریم کورٹ نے انکار کر دیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ مہاراشٹر حکومت سپریم کورٹ میں اس فیصلے کو چیلنج نہیں کر پائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔