شاہ رخ خان کے بیٹے آرین کی درخواستِ ضمانت پر سماعت آج، این سی بی کی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد

گزشتہ روز جج نے این سی بی کی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کو مسترد کر دیا اور آرین اور دیگر 7 ملزمان کو 14 دنوں کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا، درخواست ضمانت پر جمعہ کے روز سماعت ہوگی

آرین خان شاہ رخ خان / Getty Images
آرین خان شاہ رخ خان / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: ممبئی کے ساحل پر کروز شپ پر ڈرگ پارٹی کے دوران مبینہ طور پر نشیلی اشیا ضبط ہونے سے متعلق معاملہ میں ممبئی کی عدالت میں آج بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوگی۔ اس کے لئے صبح 11 بجے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔

قبل ازیں، جمعرات کو عدالت نے اس معاملہ میں آرین خان اور دیگر سات ملزمان کو 14 دنوں کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ جمعرات کو آرین کے معاملہ کی سماعت کے دوران جج آر ایم نیرلیکر نے این سی بی کی حراست میں توسیع کی عرضی کو مسترد کر دیا اور کہا کہ غیر واضح بنیادوں پر حراست فراہم نہیں کی جا سکتی۔ عدالت نے کہا کہ درخواست ضمانت پر جمعہ کے روز سماعت کی جائے گی۔


نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے آرین خان اور دیگر ملزمان کی حراست میں توسیع کی درخواست کرتے ہوئے دلیل دی تھی کہ سازش کی کڑیوں کا پردہ فاش کرنے کے لئے ملزمان کا سامنا معاملہ میں گرفتار دیگر افراد سے کرائے جانے کی ضرورت ہے۔ تاہم عدالت نے اس کی اجازت نہیں دی۔

واضح رہے کہ گوا جا رہے کروز پر تین اکتوبر کو کی گئی چھاپہ ماری کے دوران آرین خان، مُن مُن دھمیچا اور ارباز مرچینٹ کو این سی بی نے گرفتار کر لیا تھا، جبکہ دیگر پانچ ملزمان کو اگلے دن گرفتار کیا گیا تھا۔ جمعرات کو جسمانی ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر ملزمان کو ایڈیشنل میٹروپالیٹن مجسٹریٹ آر ایم نریلیکر کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    /* */