پرینکا چوپڑہ، جنہوں نے بالی وڈ کو بین الاقوامی شناخت دلائی

فلم اعتراض میں اپنی مضبوط اداکاری کے لئے انہیں بہترین کھلنائک کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔کاجول کے بعد وہ دوسری اداکارہ تھیں جنہیں کھلنائک کے کردار کے لئے اوارڈ ملا تھا

مشہور بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑا کی فائل تصویر
مشہور بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑا کی فائل تصویر
user

یو این آئی

ہندی فلموں کی مشہور اداکارہ پرینکا چوپڑا ان چند اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے نہ ٖصرف اداکاراوں کو محض شو پیس کے طور پر استعمال کئے جانے کی روایتی سوچ کو بدلا بلکہ بین الاقوامی سطح پر بالی ووڈ کو ایک خاص شناخت بھی دلائی۔

جھارکھنڈ کے جمشید پور میں 18 جولائی 1982 کو پیدا ہوئی پرینکا چوپڑا نے ابتدائی تعلیم بریلی سے حاصل کی۔ بعد میں انہوں نے لکھنؤ اور ممبئی سے مزید تعلیم مکمل کی۔ اس دوران میں ان کا رجحان ماڈلنگ کی جانب ہوگیا اوروہ بطور ماڈل کام کرنے لگیں۔ سال 2000 میں پرینکا چوپڑا نے مس انڈیا مقابلہ میں حصہ لیا اور دوسرے نمبر پر رہنے کی وجہ سے انہیں مس انڈیا ورلڈ کے خطاب سے نوازا گیا۔ مس ورلڈ مقابلے میں پرینکا نے ہندستانی خوبصورتی کا پرچم پوری دنیا میں لہراتے ہوئے یہ خطاب جیتا۔


پرینکا چوپڑا نے اپنےفلمی کیریئر کا آغاز 2002 میں تامل فلم ’تھمیزن‘ سے کیا تھا حالانکہ یہ فلم کامیابی حاصل نہیں کرسکی لیکن پرینکا نے اپنی بااثر اداکاری سے ناقدین کا دل جیت لیا۔ 2003 میں انہوں نے بالی ووڈ میں قدم رکھا اور سنی دیول اور پریتی زنٹا کے ساتھ ’دا ہیرو لو اسٹوری آف دی اسپائی‘ میں کام کیا۔ فلم باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی اور ان کی اداکاری کو ناقدین کے ساتھ ساتھ ناظرین نے بھی خوب پسند کیا۔

سال 2003 میں ہی راج کنور فلم ’انداز‘ پرینکا چوپڑا کے فلمی کیریئر کی ایک اہم فلم ثابت ہوئی۔ فلم میں ان کے اپوزٹ ہیرو کا کردار اکشے کمار نے ادا کیا تھا۔ فلم میں بااثر اداکاری کے لئے انہیں بہترین معاون اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا ۔ اس کے علاوہ انہیں ڈیبو اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ بھی حاصل ہوا۔


سال 2004 میں پرینکا چوپڑا کی ایک اور سپر ہٹ فلم ’مجھ سے شادی کروگی‘ ریلیز ہوئی۔ ڈیوڈ دھون کی ہدایتکاری میں بنی اس فلم میں سلمان خان اور اکشے کمار جیسے باصلاحیت اسٹارز کی موجودگی میں بھی انہوں نے اس فلم میں نوجوان فیشن ڈیزائنر کے طور پر اپنا کردار نبھاکر فلم کو سپر ہٹ بنا دیا۔

سال 2004 میں ہی انہیں مشہور پروڈیوسر و ہدایتکار سبھاش گھئی کی فلم ’اعتراض‘ میں کام کرنے کا موقع ملا یہ فلم سپرہٹ ثابت ہوئی۔ فلم اعتراض میں پرینکا کا کردار گرے شیڈس لئے ہوئے تھا۔ فلم میں اپنی مضبوط اداکاری کے لئے انہیں بہترین کھلنائک کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ فلم انڈسٹری کی تاریخ میں دوسرا موقع تھا جب کسی اداکارہ کو بہترین کھلنائیکا کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا تھا۔ اس سے قبل کاجول کو یہ ایوارڈ فلم ’گپت‘ کے لئے دیا گیا تھا۔


سال 2006 پرینکا چوپڑا کے کیریئر کے لئے ایک اہم سال ثابت ہوا۔ اس سال ان کی فلم 'ڈان' ریلیز ہوئی تھی۔ ستر کی دہائی کی سپر ہٹ فلم 'ڈان' کے اس ریمیک میں پرینکا چوپڑا نے زینت امان کا کردار ادا کیا تھا۔ اسی سال ان کی ’کرش‘ جیسی سپر ہٹ فلم بھی ریلیز ہوئی جس میں انہوں نے ہریتک روشن کی معشوقہ کا کردار ادا کیا ہے۔ 2008 میں پرینکا چوپڑا کی ایک اور اہم فلم 'فیشن' ریلیز ہوئی۔ ہدایت کار مدھور بھنڈارکر کی فلم فیشن میں وہ ایک ابھرتی ہوئی ماڈل کے کردار میں نظر آئیں۔ فلم میں اپنی اداکاری سے انہوں نے ناظرین کادل جیت لیا اور وہ بہترین اداکارہ کے قومی ایوارڈ کے ساتھ فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازی گیئں۔

سال 2009 میں آئی فلم ’وہاٹس یور راشی‘ پرینکاکی اہم فلموںمیں شمار کی جاتی ہے۔فلم میں کسی اداکار یا اداکارہ کے ڈبل یا ٹرپل کردار ادا کرنا ایک بڑی بات سمجھی جاتی ہے لیکن پرینکا اس فلم نے ایک یا دو نہیں بلکہ 12 مختلف کردار ادا کرکے ناظرین کو محظوظ کردیا۔


پرینکا نے سال 2018 میں امریکی گلوکار نک جونس سے شادی کرلی۔ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر میں 40 سے زائد فلموں میں کام کیا ہے۔ انہوں نے بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ ہالی وڈ کی فلموں میں بھی اپنے جوہر دکھائے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Jul 2020, 8:40 AM