نیشنل فلم ایوارڈس: اَلو ارجن اور عالیہ بھٹ کو صدر مرمو نے پیش کیا ایوارڈ، وحیدہ رحمن ہوئیں جذباتی

69ویں نیشنل فلم ایوارڈ تقریب کا انعقاد آج دہلی کے وِگیان بھون میں ہوا جہاں 2021 کی بہترین فلموں کے لیے ایوارڈ جیتنے والی شخصیات کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ایوارڈ پیش کیا۔

<div class="paragraphs"><p>دائیں سے بائیں (کیرتی سینن، اَلو ارجن، عالیہ بھٹ)، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

دائیں سے بائیں (کیرتی سینن، اَلو ارجن، عالیہ بھٹ)، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

سال 2021 کے درمیان فلموں میں بہترین تعاون کے لیے 69ویں نیشنل ایوارڈ کا اعلان رواں سال 24 اگست کو کیا گیا تھا۔ آج اس ایوارڈ کو انعام یافتگان کے حوالے کیا گیا۔ 69ویں نیشنل فلم ایوارڈ تقریب کا انعقاد آج دہلی کے وِگیان بھون میں ہوا جہاں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ایوارڈ جیتنے والی ہستیوں کو ایوارڈ پیش کیا۔

اس تقریب میں مشہور و معروف اداکارہ وحیدہ رحمن کو ’دادا صاحب پھالکے ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔ جب انھیں ایوارڈ پیش کیا جا رہا تھا تو وہ انتہائی جذباتی ہو گئیں۔ ان کے نام کا اعلان ہونے کے ساتھ ہی ہال میں موجود سبھی لوگوں نے انھیں کھڑے ہو کر اعزاز بخشا اور تالیوں سے ان کا استقبال کیا۔ یہ دیکھ کر وحیدہ رحمن کی آنکھوں میں آنسو چھلک آئے۔ انھوں نے اس ایوارڈ کو حاصل کر اپنی خوشی کا بھی اظہار کیا اور شکریہ کے الفاظ کہے۔


آج انعامی تقریب کے دوران  بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کو ’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘ اور کیرتی سینن کو فلم ’ممی‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملا۔ جنوبی ہند کے سپراسٹار اَلو ارجن کو فلم ’پشپا: دی رائز‘ کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔ آر. مادھون کی فلم ’راکٹری: دی نمبی افیکٹ‘ کو بیسٹ فیچر فلم کے لیے اعزاز بخشا گیا۔ ’دی کشمیر فائلز‘ کو نرگس دَت ایوارڈ سے نوازا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے 69ویں نیشنل فلم ایوارڈس کی انعامی تقریب کا انعقاد ایک سال تاخیر سے ہوا۔ آج منعقد انعامی تقریب میں عالیہ بھٹ اپنے شوہر رنبیر کپور کے ساتھ دہلی پہنچی تھیں۔ تقریب میں وہ سبیاساچی کی ڈیزائنر ساڑی پہنے ہوئی نظر آئیں۔ یہی ساڑی انھوں نے اپنی شادی کے دن بھی پہنی تھی۔ جب عالیہ بھٹ کو صدر مرمو ایوارڈ پیش کر رہی تھیں تو رنبیر کپور اپنے موبائل سے ویڈیو بناتے ہوئے نظر آئے۔ ایوارڈ ملنے کے تعلق سے عالیہ بھٹ نے کہا کہ ’’میں بہت اچھا محسوس کر رہی ہوں۔ فلم ’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘ کے لیے میں سنجے لیلا بھنسالی کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنھوں نے مجھے ایسا کردار نبھانے کا موقع دیا۔


عالیہ بھٹ کے ساتھ ساتھ بہترین اداکارہ کا اعزاز حاصل کرنے والی کیرتی سینن بھی نیشنل ایوارڈ لینے تقریب میں پہنچی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’اپنے کیریر کے دس سالوں میں ہی یہ ایوارڈ اپنے نام کر لینا میرے لیے بڑی کامیابی ہے۔ میں خوش نصیب ہوں کہ مجھے ’ممی‘ جیسی فلم میں کام کرنے کا موقع ملا۔‘‘ انھوں نے ساتھ ہی کہا کہ ’’ڈائریکٹر لکشمن اتیکر نے فلم بناتے وقت ہی کہا تھا کہ یہ فلم نیشنل ایوارڈ جیتے گی۔‘‘

اَلو ارجن جب ایوارڈ لینے پہنچے تو انھوں نے ریڈ کارپیٹ پر ’جھکے گا نہیں سالا...‘ والا اسٹیپ کر کے بھی دکھایا۔ اَلو کے ساتھ اس تقریب میں ان کی شریک حیات بھی پہنچی تھیں۔ اس موقع پر اَلو نے کہا کہ ’’یہ ایوارڈ جیت کر میں بہت خوش ہوں۔ میرے لیے یہ دوگنی خوشی کا موقع ہے کیونکہ میری فلم کاروباری طور پر بھی کامیاب رہی ہے۔‘‘


نیچے پیش ہے نیشنل فلم ایوارڈس 2023 کے انعام یافتگان کی تفصیل:

بہترین ہدایت کار: نکھل مہاجن (گوداوری: دی ہولی واٹر)

بہترین اداکار: الو ارجن (پشپا دی رائز)

بہترین اداکارہ: عالیہ بھٹ (گنگو بائی کاٹھیاواڑی)، کیرتی سینن (ممی)

بہترین چائلڈ آرٹسٹ: بھاوِن رباری

بہترین معاون اداکار: پنکج ترپاٹھی (ممی)

بہترین معاون اداکارہ: پلوی جوشی (دی کشمیر فائلز)

بیسٹ نرگس دَت ایوارڈ فار بیسٹ فلم آن نیشنل انٹگریشن: دی کشمیر فائلز

بہترین مقبول فلم: آر آر آر

بہترین فیچر فلم: دی نمبی افیکٹ

بہترین میوزک ڈائریکشن: پشپا/آر آر آر

بہترین میک اَپ آرٹسٹ: گنگوبائی کاٹھیاواڑی

بہترین کاسٹیوم ڈیزائنر: سردار اودھم سنگھ

بہترین پروڈکشن ڈیزائنر: سردار اودھم سنگھ

بہترین ایڈیٹنگ: گنگوبائی کاٹھیاواڑی

بہترین سنیماٹوگرافی: سردار اودھم سنگھ

اسپیشل جوری ایوارڈ: شیرشاہ

بہترین ایکشن ڈائریکشن ایوارڈ: آر آر آر (اسٹنٹ کوریوگرافر- کنگ سلیمان)

بہترین کوریوگرافی: آر آر آر (کوریوگرافر- پریم رکشت)

بہترین اسپیشل افیکٹس: آر آر آر (اسپیشل افیکٹ کریئٹر- وی شرینواس موہن)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔