منوج واجپئی نے ممبئی آنے والے مہاجرین کو دیا پیغام

بالی ووڈ اداکار منوج واجپئی نے ممبئی آنے والے مہاجرین کو پیغام دیا ہے۔ منوج واجپئی کی فلم ’بھونسلے‘ 26 جون کو سونی لائیو پر ریلیز ہوگئی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار منوج واجپئی نے ممبئی آنے والے مہاجرین کو پیغام دیا ہے۔ منوج واجپئی کی فلم ’بھونسلے‘ 26 جون کو سونی لائیو پر ریلیز ہوگئی ہے۔ منوج واجپئی نے فلم سے متعلق اپنی کہانی بتاتے ہوئے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے ۔ اس ویڈیو میں انہوں نے دوسری ریاستوں سے ممبئی آنے والے مہاجرین کا پرجوش استقبال کیا ہے۔ نیز لوگوں کو ایک پیغام بھی دیا گیا ہے۔

منوج واجپئی نے ویڈیو میں بہار سے ممبئی تک کے اپنے سفر کا ذکر کیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’مجھے انڈسٹری میں آئے ہوئے 26 برس ہوچکے ہیں۔ آج بھی مجھے وہ دن یاد ہے جب میں پہلی بار بہار سے دہلی اور پھر دہلی سے ممبئی آیا تھا۔ جنم بھومی بہار اور کرم بھومی ممبئی۔ جی ہاں میں ایک بہاری ممبیکر ہوں۔ ہر سیکنڈ میں ایک مہاجر سینکڑوں خواب سجائے اس شہر میں آتا ہے، چاہے وہ بہاری ہو یا مراٹھی۔


انہوں نے کہا کہ ممبئی تہہ دل سے سب کا استقبال کرتی ہے۔ ان خوابوں کو پورا کرنے کے لئے آپ کئی مرتبہ گرتے ہیں، لڑکھڑاتے ہیں، گرتے ٹوٹتے ہیں، بکھر جاتے ہیں، پھر اٹھتے ہیں، لڑتے ہیں اور آگے بڑھتے چلے جاتے ہیں۔ لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری، یہاں تک کہ متعدد مراٹھی شخصیات کے کردار بھی ادا کیے۔ چاہے وہ کردار ستیہ مہاترے کا ہو یا علی گڑھ کا رامچندر سیرس کا‘‘۔

منوج واجپئی نے فلم 'بھونسلے' میں اپنے کردار کے تیئں کہا ’’اس بار ایک نیا کردار آپ لوگوں کو نہ صرف اپنی خاموشی سے اپنی طرف راغب کرے گا بلکہ مکمل طور پر آپ کو جیت لے گا اور اس نئے کردار کا نام ہے گنپت بھونسلے۔ میں نے آج بھی یہ فلم اسی جوش و خروش کے ساتھ کی ہے جس طرح میں نے اپنی پہلی فلم اور پہلا کردار ادا کیا تھا۔


ایسا کہا جارہا ہے کہ یہ فلم ممبئی پولیس کے ایک ریٹائرڈ افسر پر مبنی ہے جو کہ ایک شمالی ہندوستانی لڑکی اور اس کے بھائی سے دوستی کرتا ہے، جب مقامی لیڈر شہر میں مہاجرین سے نجات پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فلم میں منوج واجپئی نے گنپت بھونسلے کا کردار ادا کیا ہے‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Jun 2020, 3:40 PM