ہالی ووڈ فلم ’بلیک پینتھر‘ کے ہیرو چاڈ وِک بوس مین کا کینسر کے سبب انتقال

ٹوئٹر پر ان کے اکاؤنٹ سے جاری کیے گئے پیغام کے مطابق بوس مین کا لاس اینجلس میں اپنے گھر پر انتقال ہوا جہاں ان کی اہلیہ اور دیگر خاندان والے ان کے ساتھ موجود تھے

بلیک پینتھر کے اسٹار چاڈ وِک بوس مین / تصویر Getty Images
بلیک پینتھر کے اسٹار چاڈ وِک بوس مین / تصویر Getty Images
user

قومی آوازبیورو

مارول اسٹوڈیو کی فلم ’بلیک پینتھر‘ میں مرکزی کردار اداکرنے والے اداکار چاڈ وک بوس مین کا کینسر کی وجہ سے 43 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ بوس مین کے ویریفائڈ ٹویٹر ہینڈل سے ان کے کنبے نے جمعہ کی دیر رات یہ اطلع دی۔ وہ بڑی آنت (کولون ) کے کینسر میں مبتلا تھے۔

ٹوئٹر پر ان کے اکاؤنٹ سے جاری کیے گئے پیغام کے مطابق بوس مین کا لاس اینجلس میں اپنے گھر پر انتقال ہوا جہاں ان کی اہلیہ اور دیگر خاندان والے ان کے ساتھ موجود تھے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بوس مین نے کبھی بھی عوامی طور پر اپنی بیماری کے بارے میں بات نہیں کی تھی۔


کنبے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا، ’’بے حد دکھ کے ساتھ بتانا پڑ رہا ہے کہ چاڈ وک بوسمین اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ 2016 میں ان کے آنت کے کینسر کی تشخیص کی گئی تھی اور اس وقت وہ اس کے تیسرے مراحل میں تھے۔ تبھی سے ان کا علاج چل رہا تھا اس کے باوجود وہ کینسر کے چوتھے مراحل میں داخل ہو گئے۔‘‘

کنبے نے انہیں ایک سچا سپاہی بتایا جس نے اپنی جدوجہد کے ذریعہ شائقین تک وہ ساری فلمیں پہنچائیں،جنہیں بے حد پسند کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے پچھلے چار برسوں میں اپنی سرجری اور کیمیوتھیرپی کے درمیان کئی فلموں کی شوٹنگ کی۔

چاڈوک بوس مین نے شرعات میں حقیقی کرداروں کی کہانیوں پر مبنی فلموں سے شہرت حاصل کی۔ انہوں نے 2013 کی فلم 42 میں بیس بال کے معروف کھلاڑی جیکی رابنسن کا کردار ادا کیا اور اس کے بعد 2014 کی فلم 'گین آن اپ' میں موسیقار جیمز براؤن کا کردار نبھایا۔ لیکن ان کی فلموں میں سب سے یادگار فلم بلیک پینتھر تھی جو 2018 میں ریلیز ہوئی تھی۔

بی بی سی اردو کے مطابق یہ پہلی سپر ہیرو فلم تھی جسے بہترین فلم کے آسکر اعزاز کے لیے نامزد کیا گیا تھا اور اسی تقریب میں اسے چھ اور اعزازت کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔