یومِ پیدائش پر خاص: بالی ووڈ کے سدا بہار اداکار دیو آنند کی زندگی، جدوجہد اور فلمی سفر

فلم ’افسر‘ کی شوٹنگ کے دوران دیو آنند اور مشہور اداکارہ ثریا ایک دوسرے کے قریب آئے۔ ایک گانے کی شوٹنگ کے دوران ان کی کشتی ڈوب گئی لیکن دیو آنند نے ثریا کی جان بچائی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ سوشل میڈیا (ویڈیوگریب)</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ہندستانی سنیما کے تاریخ ساز اور سدا بہار اداکار دیو آنند نے تقریباً چھ دہائیوں تک بالی ووڈ پر راج کیا۔ ان کا فلمی کیریئر، عشق و محبت کی کہانیاں، یادگار فلمیں اور بے مثال اداکاری آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ آئیے ڈالتے ہیں ان کی زندگی کے اہم پہلوؤں پر ایک نظر۔

ابتدائی زندگی اور تعلیم

دیو آنند کا اصل نام دھر دیو پشوری مل آنند تھا۔ وہ 26 ستمبر 1923 کو پنجاب کے ضلع گرداس پور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1942 میں لاہور کے مشہور گورنمنٹ کالج سے انگریزی ادب میں گریجویشن مکمل کی۔ اعلیٰ تعلیم کا خواب ادھورا رہ گیا کیونکہ والد کے پاس اخراجات برداشت کرنے کی سکت نہیں تھی۔


ممبئی آمد اور جدوجہد

1943 میں دیو آنند صرف 30 روپے جیب میں لے کر ممبئی پہنچے۔ وہاں رہائش کے لئے ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک سستے ہوٹل کا کمرہ کرائے پر لیا، جسے وہ تین اور نوجوانوں کے ساتھ شیئر کرتے تھے۔ ابتدا میں انہیں ملٹری سینسر آفس میں کلرک کی نوکری ملی، جہاں وہ فوجیوں کے خطوط ان کے اہل خانہ کو پڑھ کر سناتے تھے۔

فلمی کیریئر کا آغاز

1945 میں فلم ہم ایک ہیں سے دیو آنند نے فلمی سفر کا آغاز کیا۔ 1948 کی فلم ضدی ان کے کیریئر کی پہلی بڑی ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اس کامیابی کے بعد انہوں نے پروڈکشن ہاؤس نووکیتن بینر کی بنیاد ڈالی، جس کے تحت انہوں نے 1950 میں فلم افسر اور 1951 میں فلم بازی بنائی۔


دیو آنند اور ثریا کی محبت

فلم ’افسر‘ کی شوٹنگ کے دوران دیو آنند اور مشہور اداکارہ ثریا ایک دوسرے کے قریب آئے۔ ایک گانے کی شوٹنگ کے دوران ان کی کشتی ڈوب گئی لیکن دیو آنند نے ثریا کی جان بچائی۔ اس کے بعد ثریا ان سے بے پناہ محبت کرنے لگیں۔ لیکن ثریا کی نانی کے انکار کی وجہ سے یہ رشتہ شادی تک نہ پہنچ سکا۔ 1954 میں دیو آنند نے اداکارہ کلپنا کارتک سے شادی کی۔

فلمی کامیابیاں اور یادگار فلمیں

دیو آنند نے ہالی ووڈ کے اشتراک سے ہندی اور انگریزی میں فلم گائیڈ بنائی، جو ان کی پہلی رنگین فلم تھی۔ اس فلم کے لئے انہیں فلم فیئر ایوارڈ برائے بہترین اداکار ملا۔ ان کی مشہور فلموں میں ہم سفر، ٹیکسی ڈرائیور، ہاؤس نمبر 44، فنٹوش، کالا پانی، کالا بازار، ہم دونوں، تیرے میرے سپنے، گائیڈ، جوئیل تھیف وغیرہ شامل ہیں۔


1970 میں فلم ’پریم پجاری‘ ریلیز ہوئی، جو باکس آفس پر کامیاب نہ ہوسکی۔ لیکن 1971 میں ’ہرے راما، ہرے کرشنا‘ کی کامیابی نے ان کے کیریئر کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ اس کے بعد انہوں نے ہیرا پنا، دیس پردیش، لوٹ مار، سوامی دادا، سچے کا بول بالا اور اول نمبر جیسی فلموں کی ہدایت کاری کی۔

ایوارڈز اور اعزازات

  • دو بار فلم فیئر ایوارڈ برائے بہترین اداکار

  • 2001 میں پدم بھوشن ایوارڈ

  • 2002 میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ

سدا بہار اداکار دیو آنند 3 دسمبر 2011 کو ہمیشہ کے لئے اس دنیا سے رخصت ہو گئے، لیکن ان کی فلمیں اور اداکاری آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔