مشہور بنگالی اداکارہ پایل چکربرتی کی مشتبہ حالت میں موت

پایل چکربرتی کو کچھ دنوں پہلے ہی شوہر نے طلاق دیا تھا اور کچھ لوگ واقعہ کو اس سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں، حالانکہ پولس نے شروعاتی جانچ میں اسے خودکشی کا معاملہ بتایا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بنگلہ فلم انڈسٹری کی ہونہار اداکارہ پایل چکربرتی کی موت کی خبر سے پوری فلم انڈسٹری حیران ہے۔ پایل کی لاش بدھ کی صبح مشتبہ حالت میں سلی گری ہوٹل میں ملی جو کہ شمالی بنگال میں ہے۔ پولس محکمہ نے موت کی تحقیقات شروع کر دی ہے اور شروعاتی رپورٹس کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پایل چکربرتی نے خودکشی کی ہے۔

ذرائع کے مطابق بنیادی طور پر جنوبی کولکاتا سے تعلق رکھنے والی پایل چکربرتی منگل کی صبح سلی گری چرچ روڈ واقع ایک ہوٹل میں ٹھہری تھیں۔ ہوٹل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ بدھ کی صبح غالباً گنگٹوک کے لیے روانہ ہونے والی تھیں۔ لیکن بدھ کے روز انھیں ہوٹل سے کسی بھی وقت نکلتے ہوئے نہیں دیکھا گیا اور دروازہ ان کی آمد کے بعد سے ہی اندر سے بند تھا۔ ہوٹل کے عملہ نے جب کئی بار دروازہ کھٹکھٹایا اور اندر سے کوئی رد عمل نہیں ملا تو انھوں نے پولس کو مطلع کیا۔ فوراً پولس ہوٹل پہنچی اور جب کمرے میں داخل ہوئی تو دیکھا کہ پایل کی لاش پڑی ہوئی ہے۔ لاش کو پولس نے فوری طور پر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔

واضح رہے کہ پایل چکربرتی ایک نئی بنگالی فلم ’کیلو‘ میں انتہائی اہم کردار ادا کرنے والی تھی۔ پایل بنگالی فلموں کے علاوہ کئی ٹی وی سیریل میں بھی کام کر چکی ہیں۔ پولس ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ دن قبل ہی ان کا اپنے شوہر سے طلاق ہوا ہے اور اس موت کی ہر زاویے سے تحقیقات ہو رہی ہے۔ پولس پایل کے گھر والوں سے بھی رابطے میں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔