نوجوان نئے مواقع سے فائدہ اٹھاکر بہتر ملازمتوں کے لئے کوشش کریں: پولس کمشنر

پولس کمشنر نے کہا کہ رات کے کسی بھی وقت جب ضرورت ہوتی ہے تو پولس عہدیدار بالخصوص ساوتھ زون کے پولس عہدیدار عوام کی خدمت کے لئے 24 گھنٹے موجود رہتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: پولس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے شب برات کے موقع پر حیدرآباد کے پرانا شہر میں پولس انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر تاریخی چارمینار کے دامن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شب برات کے موقع پر سٹی پولس کی جانب سے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شب برات اہم رات مانی جاتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے گذارش کی کہ اپنے بزرگوں، والدین کی کبھی نافرمانی نہ کریں بلکہ ان کی عزت کریں۔ نوجوانوں کو اپنی زندگی کو صحیح راستہ پر لے جانے کا یہ بہترین موقع ہے۔ اگر کسی سے کچھ غلطی ہوئی ہے تو اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کو راستہ پر لائیں۔

نوجوان بزرگوں کی عزت کریں، ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلیں اور پرانی غلطیوں کو بھول کر ایک نئی زندگی کی شروعات کریں۔ انہوں نے شہریان حیدرآباد کا سٹی پولس کی طرف سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ لا اینڈ آرڈر کے نام پر جو بھی بندوبست کیا جاتا ہے، چاہے کسی بھی مذہب کی کوئی بھی تقریب ہی کیوں نہ ہو، یہ انتظامات پولس کی جانب سے عوام کے لئے کیے جاتے ہیں۔ عوام کے ساتھ مل کرکوئی بھی کام کرنے میں اطمینان کا احساس ہوتا ہے۔ اس کا انداز بیاں بالکل الگ ہے۔

انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ آج کل سائنس اور ٹیکنالوجی کی وجہ سے جو نئے نئے مواقع آرہے ہیں، اس سے فائدہ اٹھانے کے لئے محنت کی جائے، علم حاصل کیا جائے اور بہتر سے بہتر ملازمتوں کے لئے کوشش کی جائے۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد بلندیوں پر ہے۔ نوجوانوں کی محنت، ڈسپلن اور بزرگوں کی دعا کے ذریعہ ہی اس کو مزید اونچائیوں پر پہنچایا جا سکتا ہے۔ ایسے موقع پر ساوتھ زون کے تمام پولس عہدیداروں اور ان کی ٹیم کے وہ شکرگذار ہیں۔

رات کے کسی بھی وقت جب ضرورت ہوتی ہے تو پولس عہدیدار بالخصوص ساوتھ زون کے پولس عہدیدار عوام کی خدمت کے لئے 24 گھنٹے موجود رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹی پولس کی جانب سے تمام پانچ زونس میں شب برات کے موقع پربندوبست کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدمت کے جذبہ کے ساتھ پولس کام کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔