یو پی ٹی ای ٹی کا امتحان پرچہ لیک ہونے کے سبب منسوخ، پرینکا گاندھی یوگی حکومت پر حملہ آور

امتحان امیدواروں سے کوئی فیس وصول کئے بغیر ایک ماہ کے اندر دوبارہ لیا جائے گا، اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں، پرینکا گاندھی نے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت پر حملہ بولا ہے

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: یو پی ٹی ای ٹی 2021 کا امتحان پرچہ لیک ہونے کے سبب منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس معاملے میں اتر پردیش کے بنیادی تعلیم کے وزیر ڈاکٹر ستیش دویدی نے کہا ہے کہ یو پی ٹی ای ٹی امتحان کا پرچہ لیک ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے، لہذا دونوں نشستوں کے امتحان کو فوری اثر سے منسوخ کیا جا رہا ہے۔ پرچہ لیک کے بعد امتحان منسوخ ہونے پر پرینکا گاندھی نے یوگی حکومت کو یہ کہہ کر ہدف تنقید بنایا کہ بڑی مچھلیوں کو بچایا گیا، اس لئے بدعنوانی عروج پر ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ یو پی ٹی ای ٹی کا امتحان امیدواروں سے کوئی فیس وصول کئے بغیر ایک ماہ کے اندر دوبارہ لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ جانچ یو پی ایس ٹی ایف کو سونپی جا رہی ہے، تاکہ قصورواروں کی شناخت کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔


خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ٹوئٹر پر لاء اینڈ آرڈر کے اے ڈی جی پرشانت کمار کے حوالے سے یو پی ٹی ای ٹی کا امتحان منسوخ ہونے کی اطلاع دی ہے۔ اے ڈی جی پرشانت کمار نے کہا کہ ایس ٹی ایف نے پرچہ لیک معاملے میں درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ نیز اس معاملہ کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پرچہ لیک کے بعد ایس ٹی ایف نے ریاست بھر میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔ جس کے بعد لکھنؤ، الہ آباد، میرٹھ، غازی آباد سمیت کئی اضلاع سے کئی افراد کو حراست میں لیا گیا۔ اس معاملے میں یو پی میرٹھ ایس ٹی ایف نے شاملی سے 3 لوگوں کو گرفتار کر کے پوچھ تاچھ شروع کر دی ہے۔ ایس ٹی ایف کی جانب سے تاحال الہ آباد سے 13، لکھنؤ سے 4، شاملی سے 3، ایودھیا سے 2 اور کوشامبی سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔


پرچہ لیک ہونے کے بعد یو پی ٹی ای ٹی امتحان منسوخ ہونے کے سلسلہ میں پرینکا گاندھی نے یوگی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا، ’’بھرتیوں میں بدعنوانی، پیپر آؤٹ ہی بی جے پی حکومت کی شناخت بن چکی ہے۔ آج یو پی ٹی ای ٹی کا پیپر آؤٹ ہونے کی وجہ سے لاکھوں نوجوانوں کی محنت پر پانی پھر گیا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’ہر بار پیپر آؤٹ ہونے پر یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت نے بدعنوانی میں شامل بڑی مچھلیوں کو بچایا ہے، اس لئے بدعنوانی عروج پر ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔