یو پی ایس سی امتحان: ملک بھر سے کل 30 مسلم امیدوار کامیاب

کل 30 مسلم امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے، جن میں سے جنید احمد کا ملک بھر میں تیسرا مقام ہے۔ جنید احمد زکوۃ فاؤنڈیشن کی مدد سے تیاری کر رہے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی اس سی) 2018 کے کل ہند امتحان کے نتائج جمعہ کے روز جاری کر دیئے گئے۔ آئی آئی ٹی بامبے سے گریجویٹ کنشک کٹاریا سرفہرست رہے، دوسرے مقام پر اکشت جین رہے جبکہ تیسرا مقام جنید احمد نے حاصل کیا۔

اس مرتبہ کل 30 مسلم امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے، جن میں سے جنید احمد کا ملک بھر میں تیسرا مقام ہے۔ جنید احمد زکوۃ فاؤنڈیشن کی مدد سے تیاری کر رہے تھے، زکوۃ فاؤنڈیشن کے کل 18 مسلم امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔

اس مرتبہ 759 امیدواروں کے نام سرکاری خدمات کے لئے بھیجے گئے ہیں جبکہ 109 امیدواروں کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کل 1994 امیدوار انٹرویو میں شامل ہوئے تھے۔ کامیاب ہونے والے امیدواروں میں 361 کا تعلق جنرل کیٹیگری سے ، 209 کا او بی سی سے ، 128 کا ایس سی اور 61 کا ایس ٹی کیٹیگری سے ہے۔

اس مرتبہ مسلم امیدواروں کی تعداد 30 رہی ہے، یعنی کامیاب ہونے والے امیدواروں میں 3.95 فیصد مسلم امیدواروں کا سلیکشن ہوا ہے۔ واضح رہے کہ پچھلی مرتبہ 2017 کے یو پی ایس سی امتحان کے بعد 990 کامیاب امیدواروں میں 52 مسلم امیدوار شامل تھے، جبکہ اس سے پہلے سال 2016 کے نتائج میں 1099 میں 50 مسلم امیدواروں کا سلیکشن ہوا تھا۔ فیصد کے اعتبار سے دیکھیں تو سال 2016 میں 4.55 فیصد تو سال 2017 میں 5.25 فیصد امیدوارو کامیاب رہے تھے۔

یو پی ایس سی امتحان: ملک بھر سے کل 30 مسلم امیدوار کامیاب

یو پی ایس سی کے پری امتحان میں زکوۃ فاؤنڈیشن کے 27 مسلم اور 2 عیسائی امیدواروں نے کامیابی حاصل کی تھی، اس کے بعد مینز میں 2 خاتون امیدواروں سمیت 20 امیدوار کامیاب رہے۔ زکوۃ فاؤنڈیشن کی مدد سے تیاری کرنے والے 18 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے جن میں ایک عیسائی بھی شامل ہے۔

غورطلب ہے کہ زکوۃ فاؤنڈیشن مسلمانوں کی طرف سے دی جانے والی زکوۃ سے چلایا جاتا ہے۔ پچھلی مرتبہ یہاں کے کامیاب ہونے والے امیدواروں کی تعداد 26 لیکن اس مرتبہ یہ تعداد 18 ہی رہ گئی ہے۔ زکوۃ فاؤنڈیشن کے سربراہ سید ظفر محمود نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، اس مرتبہ یو پی ایس سی نے سیٹوں کی تعداد کم کر دی تھی، اسی واجہ سے کامیاب ہونے والے امیدواروں کی تعداد بھی کم ہے۔ واضح رہے کہ سید ظفر محمود خود بھی سول سروس سے ریٹائرڈ ہیں، انہوں نے کئی وزارتوں کو اپنی خدمات دی ہیں۔ وہ سچر کمیٹی کے بھی رکن رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Apr 2019, 7:10 PM