اے ایم یو: بریل اورینٹیشن اور قدرتی آفات پر تربیتی پروگرام کا انعقاد

Getty Images
Getty Images
user

یو این آئی

علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے احمدی اسکول فار دا ویژوئلی چیلینجڈ کے زیرِ اہتمام دہرہ دون کے نیشنل انسٹیٹیوٹ فار دا امپاور منٹ آف پرسنس ود ویژوئل ڈس ایبیلٹیز کے تعاون سے پانچ روزہ بریل کے اورینٹیشن اور قدرتی آفات مینجمنٹ میں تربیتی پروگرام کے اختتام پر مہمانِ خصوصی یو جی سی ایچ آر ڈی سینٹر اور کے اے نظامی مرکز برائے قرآنی مطالعات کے ڈائرکٹر پروفیسر اے آر قدوائی نے شرکاء کو یادگاری نشانات سے سرفراز کیا۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اے آر قدوائی نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارہ کے فروغ کے لئے بلند عمارتوں کی نہیں بلکہ وہاں کے اساتذہ اور طلبہ کے اورینٹیشن، قربانی کے جذبہ اور سخت محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اورینٹیشن کا مطلب کسی انسان کی عادت عقیدت اور جذبات کو کسی مخصوص موضوع کے مطابق صحیح سمت دینا ہے۔
پروفیسر قدوائی نے کہا کہ سخت محنت کرنے کے بعد بھی ہمارے اندر ہدف کے حصول کے جذبہ کی کمی رہتی ہے اور اس طرح کے پروگرام اس قسم کے جذبہ کو تقویت عطا کرتے ہیں۔ پروفیسر اے آر قدوائی نے کہا کہ زندگی میں صرف کچھ حاصل کرلینا ہی کافی نہیں ہے بلکہ ایک استاد کو تسلسل کے ساتھ زندگی کے تجربات کو تقویت دینا بھی ضروری ہے۔
پروفیسر قدوائی نے انگریزی کے ممتاز شاعر جان ملٹن کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جان ملٹن 43 سال کی عمر میں بصارت سے ہوگئے تھے لیکن اس کے باوجود بھی انہوں نے اعلیٰ معیار کا ادب تخلیق کیا اور کبھی اپنے معذور ہونے پر احساسِ کمتری کا احساس نہیں کیا۔ انہوں نے اس پروگرام کے انعقاد پر اسکول کی پرنسپل کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے یو جی سی ایچ آر ڈی سینٹر کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔احمدی اسکول کی پرنسپل محترمہ فردوس رحمن نے اپنے استقبالیہ خطبہ میں کہا کہ اس پروگرام کے انعقاد کا مقصد شرکاء کو بریل زبان میں لکھنے اور پڑھنے و بصارت سے محروم طلبہ کے چلنے پھرنے وغیرہ کی سرگرمیوں سے متعارف کرانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ان معنی میں بے حد کامیاب رہا کہ اس میں شرکاء کو بصارت سے محروم لوگوں کی مدد کرنے کی سمجھ حاصل ہوئی۔
پروگرام سے بلائنڈ ایسو سی ایشن نئی دہلی سے آئے مسٹر رام آسرے اور اے ایم یو اسکول ایجوکیشن ڈائرکٹوریٹ کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر پروفیسر عمر فاروق نے بھی خطاب کیا۔ نظامت کے فرائض عادل جلیل نے انجام دئے جبکہ محترمہ سنبل علوی نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
پروگرام میں معذور طلبہ و طالبات نے ثقافتی پروگرام پیش کئے۔ شرکاء کی جانب سے اسکول کے سینئر استاد مسٹر ایم پی سنگھ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پروگرام کے انعقاد میں محترمہ ندرت اور بشریٰ نسیم نے اہم رول ادا کیا۔
پانچ دن تک چلے پروگرام میں یو جی سی ایچ آر ڈی سینٹر کی ڈاکٹر فائزہ عباسی نے قدرتی آفات ( زلزلہ)کے نظم، علی گڑھ کے فائر اسٹیشن آفیسر سنجے جیسوال نے آگ سے تحفظ، مسٹر رام آسرے نے بصارت سے محروم طلبہ کے چلنے پھرنے کی صحیح تکنیک اور مسٹر ایم ایس نیگی نے بریل کی انگریزی و ہندی کی تربیت دی۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمالکریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Nov 2017, 4:23 PM