سرکاری ملازمتوں کے لئے اب صرف ایک امتحان ہوگا، ’قومی بھرتی ایجنسی‘ کی تشکیل

حکومت نے نان گزیٹیڈ عہدوں اور قومی بینک کی ملازمتوں کے لئے اصلاح کرتے ہوئے این آر اے کی تشکیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو ان نوکریوں کے لئے مشترکہ داخلہ امتحانات کا انعقاد کرے گی

قومی بھرتی ایجنسی کی تشکیل
قومی بھرتی ایجنسی کی تشکیل
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: حکومت نے نان گزیٹیڈ عہدوں اور قومی بینک کی ملازمتوں کے لئے بھرتی کے عمل میں تاریخی اصلاح کرتے ہوئے قومی بھرتی ایجنسی (این آر اے) کی تشکیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو ان نوکریوں کے لئے مشترکہ داخلہ امتحانات کا انعقاد کرے گی- اس سے متعلق تجویز کو وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت مرکزی کابینہ کے اجلاس میں منظور کیا گیا۔

مرکزی وزیر برائے عملہ اور پنشن امور، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بھرتی کے عمل میں اصلاح نوجوانوں کے لئے نعمت ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ روزگار کے خواہاں امیدواروں کی سہولت کے لئے حکومت نے روزگار کے میدان میں انقلابی اور تاریخی اصلاحات کی ہیں۔ اس سے بھرتی، انتخاب کا عمل اور تقرری کا عمل انتہائی آسان ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے خاص طور پر نچلے طبقے کے امیدواروں کو فائدہ ہوگا۔

حکومت نے این آر اے کے لئے 1517.57 کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے۔ یہ رقم تین سال کے لئے منظور کی گئی ہے۔ یہ رقم این آر اے کی تشکیل کے علاوہ 117 خواہش مند اضلاع میں امتحانی انفراسٹرکچر قائم کرنے کے لئے استعمال ہوگی۔


حکومتی بیان کے مطابق این آر اے ایک ملٹی ایجنسی ادارہ ہوگا جس کی گورننگ باڈی میں وزارت ریلوے، وزارت خزانہ، اسٹاف سلیکشن کمیشن (ایس ایس سی)، ریلوے بھرتی بورڈ (آر آر بی) اور انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ پرسنل سلیکشن (آئی بی پی ایس) کے نمائندے شامل ہوں گے۔ این آر اے ایک ماہر باڈی کی حیثیت سے مرکزی حکومت کی بھرتی کے میدان میں جدید ترین ٹکنالوجی اور بہترین طریق کار پر عمل کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔