ڈی یو کے 28 کالجوں کے ٹیچرز کو وقت پرنہیں مل رہی تنخواہ
دہلی یونیورسٹی کے 28 كالجوں کو وقت پر مکمل فنڈ نہ ملنے کے سبب مالی بحران کھڑا ہو گیا ہے اور ٹیچرز کو وقت پر تنخواہ نہیں مل رہی ہے

نئی دہلی: دہلی یونیورسٹی کے 28 كالجوں کو وقت پر مکمل فنڈ نہ ملنے کے سبب مالی بحران کھڑا ہو گیا ہے اور ٹیچرز کو وقت پر تنخواہ نہیں مل رہی ہے۔
یونیورسٹی سے منسلک نیشنل ڈیموکریٹک ٹیچرز فرنٹ کے رہنماؤں نے دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کو خط لکھ کرفنڈ فوراً جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ فرنٹ کے رہنما اے کے بھاگی، راجیش گوگنا اور وی ایس نیگی نے سسودیا کو لکھے خط میں کہا ہے کہ دہلی یونیورسٹی کی طرف سے فنڈز فراہم کررہی کالجوں کو دہلی حکومت کی طرف سے فنڈ نہیں ملنے پر پہلے بھی احتجاج و مظاہرہ کیا جا چکا ہے اور اب پھر ہم آپ کی توجہ اس مسئلہ کی جانب مبذول کررہے ہیں کہ کچھ کالجوں میں اساتذہ اور غیر تدریسی ملازمین کو ستمبر کی تنخواہ 25 دن بعد ملی ہے اور بہت سے کالجوں میں تو طالب علموں کے فنڈ کی رقم سے اساتذہ کو تنخواہ دی گئی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ دہلی حکومت نے 12 كالجوں کو فنڈ کا ایک ہی حصہ جاری کیا ہے جبکہ باقی 16 کالجوں کو سوا کروڑ میں سے صرف دس لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں۔ ان كالجوں کو دہلی حکومت پانچ فیصد فنڈ دیتی ہے جبکہ 12 کالجوں کو سو فیصد ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ پانچ برسوںمیں دہلی حکومت نے ان كالجوں کو پانچ فیصد فنڈ کبھی نہیں دیا ہے۔
انہیں مشکل سے دو فیصد فنڈ ملا ہے۔ اس وجہ سے كالجوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ ان لیڈروں نے فنڈ فوراًجاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور دس سے زیادہ مزید مطالبات کی فہرست بھی پیش کردی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔