سی بی ایس ای کی نئی حکمت عملی سے اسکول انتظامیہ کی نیند اڑی

لیک سے بچنے کے لئے سی بی ایس ای نے جو طریقہ اپنا یا ہے یا یوں کہئے کہ جو حکمت عملی طے کی ہے اس نے پوری اسکول انتظامیہ کو پریشانی میں ڈال دیا ہے ۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

سید خرم رضا

پیپر لیک کی خبروں کے بعد کل یعنی پیر کو سی بی ایس ای کا پہلا پیپر ہونا ہے۔ سی بی ایس ای کا کل بارہویں جماعت کا ہندی، گجراتی اور کشمیری زبان کا پیپر ہے جبکہ دسویں جماعت کا فرینچ، سنسکرت اور اردو کا پیپر ہے۔ کل کے پیپر کو لے کر پیپر دینے والوں پر امتحان اور لیک دونوں کا تناؤ ہے لیکن سب سے بڑا تناؤ اسکول انتظامیہ کے لئے ہے کیونکہ اس کو کل بالکل نئے انداز سے پیپر حاصل ہونا ہے۔ لیک سے بچنے کے لئے سی بی ایس ای نے جو طریقہ اپنا یا ہے یا یوں کہئے کہ جو حکمت عملی طے کی ہے اس نے پوری اسکول انتظامیہ کو پریشانی میں ڈال دیا ہے۔ نئے سرکولر کے مطابق اب بورڈ سے کوئی پیپر نہیں آئے گا بلکہ ویب سائٹ سے پیپر کے دن صبح کو پیپر سی بی ایس ای کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرنا پڑے گا اور سینٹر پر خود تیار کرکے طلبا ء کو دینا پڑے گا۔ اب پیپر کو کوئ بھیجا گا نہیں اور کسی کے پاس ہوگا بھی نہیں۔

سننے میں یہ حکمت عملی بہت اچھی لگ رہی ہے لیکن امتحانا ت کے عین بیچ میں ایسا کرنا اپنے آپ میں بڑے مسائل کھڑے کر رہا ہے۔ ہفتہ اور اتوار کو سارے دن اسکول کی انتظامیہ کل کے پیپر کے لئے ضروری تیاریوں میں مصروف نظر آئی ۔ اس نئے طریقہ کار میں سی بی ایس ای کے سپریٹنڈنٹ اور ان کی ٹیم ہر اسکول یعنی سینٹر پر صبح 7.30بجے صبح پہنچ جائےگی ۔ اسکول میں سپریٹنڈنٹ کے علاوہ کسی کو موبائل فون لے جانے کی اجازات نہیں ہوگی۔ جس کمرے میں کمپیوٹر رکھے جائیں گے اس میں سی سی ٹی وی کیمرہ کا لگا ہو نا لازمی ہے ، وہاں ایک ڈونگل ہونا لازمی ہے اور پیپر کے پرنٹ نکالنے کے لئے پیپر اور پرنٹر دونوں کا ہونا ضروری ہے۔ اسکول انتظامیہ کو فوری طور پر ایک کمرے میں کمپیوٹر رکھ کر اس کو اسٹرانگ روم کی شکل دینا پڑی۔ اس کمرے میں سی سی ٹی وی لگانا پڑا یا اس کمرے کا انتخاب کرنا پڑا جہاں سی سی ٹی وی کیمرہ پہلے سے نصب ہو ۔ کئی پرنٹر اور کاغذ کا انتظام پیشگی کرنا پڑا۔

اس نئے فیصلے کو لے کر اسکول انتظامیہ بہت پریشان ہے اور وہ دعا کر رہی ہے کہ سب کچھ ٹھیک ٹھاک گزر جائے کیونکہ بہت سے اسکول پرنسپل کو خطرہ ہے کہ کہیں بجلی نہ چلی جائے اور بجلی چلی جائے تو جینریٹر صحیح کام کر تا رہے ۔ وہ یہ بھی دعا مانگ رہے ہیں کہ سرور کی اسپیڈ کم نہ ہو ایسا نہ ہو جیسا سی بی ایس ای رزلٹ کے وقت ہوتا ہے جب اکثر سرور ڈاؤن ہوتے ہیں اور کافی کافی دیر تک کمپیوٹر کے آگے بیٹھنا پڑتا ہے۔ ان کو تناؤ ہے کہ وقت پر پرنٹ نکل آئے اور اس کے سیٹ وقت پر تیار ہو جائیں۔

اس نئی حکمت عملی پر تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر وقت سے کافی پہلے سی بی اسی ای نے ڈاؤ ن لوڈ کر نے کا حکم جاری کر دیا تو کمپیوٹر کے ذریعہ پیپر لیک کرنا زیادہ آسان ہو سکتا ہے ۔ ان کو یہ بھی فکر ہے کہ اگر سائٹ کسی نے ہیک کر لی تو اس کا کیا حل ہو گا۔ ماہرین کی رائے میں عین امتحان کے درمیان با لکل نئے طرح کا تجربہ کرنا تھوڑا جوکھم بھر اتو ہے ۔ جو بھی ہو کل کا دن پیپر دینے والوں سے زیادہ پیپر لینے والوں کے لئے تناؤ سے بھرا ہو گا۔ کل یعنی پیر سی بی ایس ای کے لئے سپر منڈے ثابت ہو سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔