گاندھی جینتی کے موقع پر جامعہ ملیہ اسلامیہ میں سنگل یوز پلاسٹک پر پابندی کا اعلان

وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے سنگل یوز پلاسٹک پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے یونیورسٹی عملہ اور طلباء سے پلاسٹک کا استعمال نہ کرنے اور کیمپس کو صاف رکھنے کا عہد لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 150 ویں یوم پیدائش کے موقع پر جامعہ ملیہ اسلامیہ کو آج سے پلاسٹک سے پاک کیمپس قرار دے دیا گیا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے سنگل یوز پلاسٹک پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے یونیورسٹی عملہ اور طلباء سے پلاسٹک کا استعمال نہ کرنے اور کیمپس کو صاف رکھنے کا عہد لیا۔ ا نھوں نے متعلقین جامعہ سے کہا کہ آپ حضرات خود بھی پلاسٹک کا استعمال نہ کریں اور دوسروں کو بھی ایسا نہ کرنے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ پلاسٹک کے لئے بہتر متبادل تلاش کریں، ساتھ ہی ایک دوسرے کو کیمپس میں سنگل یوز پلاسٹک پر پابندی کے بارے میں یاد دلاتے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے پہلے ہی پورے کیمپس میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کیا ہے، جس میں تمام ہاسٹل، جامعہ کمیونٹی سنٹر، کینٹین، دکانیں، کافی ہاؤسز وغیرہ شامل ہیں۔ رجسٹرار اے پی صدیقی (آئی پی ایس) کے اعلان کے بعد اساتذہ اور طلباء نے جھاڑو کا استعمال کرتے ہوئے کیمپس میں صفائی مہم کا بھی آغاز کیا اور ڈسٹ بینوں میں کچرا جمع کرکے مثال قائم کی۔


وائس چانسلر نے این ایس ایس اور این سی سی رضاکاروں پر مشتمل طلباء کے 7 گروپوں کو بھی روانہ کیا جو قریبی علاقوں کا دورہ کریں گے اور لوگوں کو بتائیں گے کہ وہ اپنی روز مرہ کی زندگی اور صفائی میں پلاسٹک کا استعمال نہ کریں۔ یونیورسٹی کیمپس میں جن اشیاء پر پابندی عائد ہے، ان میں پلاسٹک کی بوتلیں، کپ، گلاسز اور دیگر اشیاء، پولی تھین بیگ اور 50 مائیکرون سے کم پلاسٹک کی اشیاء، پلیٹری، کپ، تنکے، وغیرہ سمیت کٹلری اور اسٹائروفوم سے بنی دیگر آرائشی اشیاء شامل ہیں، (تھرموکول) پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

حکم نامہ پر سختی سے عمل کرنے کے لئے یونیورسٹی کے تمام دفاتر کو آگاہ کیا گیا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں پر 500 روپے جرمانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ یونیورسٹی کی ڈاکٹر ذاکر حسین لائبریری میں آج مہاتما گاندھی پر ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں مہاتما گاندھی کی انگریزی اور اردو میں ڈاکٹر ایم اے انصاری کو لکھے گئے نایاب خطوط، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے بانیوں اور چانسلر، زہرا انصاری ڈاکٹر ایم اے انصاری کی صاحبزادی، جنھیں گاندھی جی بیٹی کہا کرتے تھے نیز یونیورسٹی کے قیام کے دنوں میں یونیورسٹی سے وابستہ گاندھی جی سے متعلق متعدد نادر تصاویر اور کتابیں نمائش کے لئے رکھی گئی ہیں۔ نمائش 12 اکتوبر 2019 تک (چھٹیوں اور ہفتہ کے علاوہ) جاری رہے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */