کشمیر: اسلامک یونیورسٹی کے 19 مارچ کو طے شدہ تمام امتحانات ملتوی

اگرچہ یونیورسٹی نے امتحانات کو ملتوی کیے جانے کی وجوہات ظاہر نہیں کی ہیں، تاہم لوگوں کا خیال ہے کہ یہ فیصلہ یونیورسٹی کے سابق گیسٹ لیکچرار کی زیر حراست ہلاکت کے پیش نظر لیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سری نگر: اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ نے منگل کے روز لئے جانے والے تمام سمسٹر امتحانات کو ملتوی کر دیا ہے۔ اگرچہ یونیورسٹی نے امتحانات کو ملتوی کیے جانے کی وجوہات ظاہر نہیں کی  ہیں، تاہم لوگوں کا خیال ہے کہ یہ فیصلہ یونیورسٹی کے سابق گیسٹ لیکچرار کی زیر حراست ہلاکت کے پیش نظر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سابق گیسٹ لیکچرار رضوان اسد پنڈت کی زیر حراست ہلاکت واقع ہو گئی ہے۔ رصوان فی الحال ایک نجی اسکول میں ٹیچر تھے۔ ذرائع کے مطابق انہیں تین روز قبل ملی ٹینٹ تنظیموں سے وابستگی کے الزام میں این آئی اے کی طرف سے حراست میں لیا گیا تھا۔ پولس ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملہ میں عدالتی جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے، ساتھ ہی محکمہ کی طرف سے بھی جانچ کی جائے گی کہ رضوان کی ہلاکت حراست میں کس صورت حال میں ہوئی۔

یونیورسٹی کے ایک ترجمان نے کہا کہ یونیورسٹی کی طرف سے منگل کو لئے جانے والے تمام سمسٹر امتحانوں کو ملتوی کیا جاتا ہے اور امتحانات کی اگلی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا تاہم انہوں نے امتحانات ملتوی ہونے کی وجوہات سے پردہ نہیں اٹھایا۔

دریں اثنا یونیورسٹی کی طرف سے امتحانات اچانک ملتوی کیے جانے کے فیصلے نے ان امتحانات میں حصہ لینے والے طلباء کو حیرت میں ڈال دیا تھا۔ طلباء کے ایک گروپ نے یو این آئی کو بتایا کہ ہم صبح یونیورسٹی بس کا انتظار کررہے تھے کہ ہمیں اطلاع ملی کہ امتحانات ملتوی ہو گئے ہیں۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Mar 2019, 2:09 PM