تلنگانہ میں انٹر امتحانات کا آغاز، مختلف وجوہات کی وجہ سے بعض طلبہ امتحان دینے سے محروم

ویمل واڑہ میں ایک منٹ کی تاخیر پر راجیشوری نامی طالبہ کو پولیس نے امتحانی مرکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔ پداپلی ضلع کے منتھنی سرکاری جونئر کالج کے مرکز میں بھی تین طلبہ امتحان نہیں دے سکے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کا آج سے آغاز ہوا۔ ریاست بھر میں ان امتحانات کے لئے 1339 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ آج سے انٹر سال اول امتحان شروع ہوا جبکہ کل سے انٹرمیڈیٹ سال دوم امتحان شروع ہوگا۔

ایک منٹ کی تاخیر کے نتیجہ میں امتحانی مرکز میں داخل ہونے کی اجازت نہ دیئے جانے کے انتباہ پر کئی طلبہ 8.00 بجے ہی امتحانی مرکز پر پہنچ گئے جبکہ امتحان کا آغاز 9 بجے صبح ہوا، تاہم ایک منٹ کی تاخیر اور دوسری وجوہات کی بنا پر کئی طلبہ امتحان دینے سے قاصر رہے۔


راجنا سرسلہ ضلع کے ویمل واڑہ میں ایک منٹ کی تاخیر پر راجیشوری نامی طالبہ کو پولیس نے امتحانی مرکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔ پداپلی ضلع کے منتھنی سرکاری جونئر کالج کے مرکز میں بھی تین طلبہ امتحان نہیں دے سکے۔ ہال ٹکٹ نہ ہونے پر دو طلبہ امتحان دینے سے قاصر رہے جبکہ ایک طالب علم ایک منٹ کی تاخیر سے پہنچا جس کے نتیجہ میں وہ امتحان دینے سے قاصر رہا۔

یادادری بھونگیر ضلع کے رامائم پیٹ میں تقریباً 6 طلبہ تاخیر سے امتحانی مرکز پہنچے، جس پر ان کو امتحانی مرکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ان میں پانچ کا تعلق رامائم پیٹ کے سرکاری کالج سے ہے جبکہ ایک کا تعلق نالندہ کالج سے ہے۔ اسی طرح ضلع نظام آباد میں دو طلبہ بھی امتحان نہیں دے سکے۔ ان کا تعلق ضلع نظام آباد سے ہے۔


طالب علم گنیش اسی نام کا مرکز ہونے کی الجھن میں دوسرے مرکز کو چلاگیا تاہم عہدیداروں نے اس کو واپس بھیج دیا۔ بالکنڈہ کے سرکاری جونئر کالج میں ایک طالب علم دس منٹ کی تاخیر سے پہنچا جس پر عہدیداروں نے اس کو امتحان دینے کی اجازت نہیں دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔