جامعہ نظامیہ حیدرآباد: ’مسلمانوں کو درپیش مسائل اور ان کا حل‘ 19 جنوری کو علمی مذاکرہ

ہفتہ، 25 جنوری کو بعد نماز عصر قرآن خوانی و چادر گل برمزار بانی جامعہ نظامیہ پیش کی جائے گی۔ بعد نماز مغرب جلسہ تقسیم اسناد، دستاربندی و عطائے خلعت ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: جامعہ نظامیہ حیدرآباد کے زیر اہتمام عرس شریف مولانا حافظ محمد انواراللہ فاروقی ؒ بانی جامعہ نظامیہ و جلسہ تقسیم اسناد، عطاے خلعت و دستار بندی فاضلین و حفاظ کے سلسلہ میں اتوار 19/جنوری کو10 بجے دن علمی مذاکرہ بعنوان ”مسلمانوں کو درپیش مسائل اور ان کا حل“ منعقد ہوگا جس کی نگرانی مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری امیر جامعہ‘جامعہ نظامیہ کریں گے اور صدرات مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ‘جامعہ نظامیہ کریں گے۔

مذاکرہ میں مسلمانوں کو درپیش مسائل کا احاطہ کرتے ہوئے ذیلی عنوانات پر ممتاز اسکالرس علمی و تحقیقی مقالے جات پیش کریں گے۔ مولانا مفتی حافظ سید ضیاء الدین نقشبندی شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ بعنوان ”اسلام میں وطنیت: حقیقت اورتقاضے“ مولانا حافظ محمد خالد علی‘ نائب شیخ الادب جامعہ نظامیہ بعنوان ”موجودہ حالات اور ایمان کا تحفظ“ اور مولانا حافظ سعید بن مخاشن لکچرر مولانا آزاد اردو یونیورسٹی لکھنو بعنوان”موجودہ حالات اور سیرت طیبہ سے رہنمایانہ خطوط“مولانا حافظ سیدرؤف علی صدر مدرس دارالعلوم کاورم پیٹ بعنوان ”جدید چیالنجس اور مسلم خواتین کی ذمہ داری“ اپنا ریسرچ ورک پیش کریں گے۔


ہفتہ25 جنوری کو بعد نماز عصرقرآن خوانی و چادر گل برمزار بانی جامعہ نظامیہ پیش کی جائے گی۔ بعد نماز مغرب جلسہ تقسیم اسناد‘ دستاربندی و عطائے خلعت ہوگا۔ مولانا مفتی خلیل احمد، شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ خطبہ استقبالیہ دیں گے، بزبان اردو، اور بزبان عربی، بزبان انگلش طلبہ جامعہ کی تقاریر ہوں گی۔تعلیمی رپورٹ مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ نائب شیخ الجامعہ پیش کریں گے۔

مالی رپورٹ سید احمد علی معتمد جامعہ نظامیہ پیش کریں گے۔ تذکرہ بانی جامعہ نظامیہ مولانا محمد انوار احمد نائب شیخ التفسیر جامعہ نظامیہ بیان کریں گے۔ فاضلین جامعہ و حفاظ جامعہ کی خلعت دستار بندی بدست شیوخ جامعہ نظامیہ عمل میں آے گی۔ سال حال جامعہ نظامیہ کے امتیازی کامیاب طلبہ اور کلیۃ البنات جامعہ نظامیہ کی امتیازی کامیاب طالبات کو گولڈ میڈل دیئے جائیں گے۔


26 جنوری کو بعد نماز عشاء طلبا جامعہ کے زیر اہتمام نعتیہ و منقبتی مشاعرہ منعقد ہوگا جس میں ممتاز مدعو شعراء کرام اپنا کلام پیش کریں گے۔ مولوی سید احمد علی معتمد جامعہ نظامیہ نے شرکت کی خواہش کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔